ایس ای ایچ اے نے دل کے مرض میں مبتلا 7سالہ بچے کی جان بچالی

ابوظہبی، (نمائندہ خصوصی)ابوظہبی ہیلتھ سروسز کمپنی (ایس ای ایچ اے) نے ایک امپلانٹیبل کارڈیوورٹر ڈیفبریلیٹر (آئی سی ڈی) لگا کر دل کے پیدائشی مرض میں مبتلا ایک سات سالہ بچے کی جان بچالی ہے۔ عليان میں اس وقت کارڈیو مایوپیتھی عارضے کی ایک نایاب قسم کا پتہ چلا جب وہ رحم مادر میں تھے اور پیدائش کے بعد اس عارضے کی وجہ سے وہ سمجھ بوجھ کی صلاحیت سے بعض اوقات محروم ہوجاتے تھے۔ ایس ای ایچ اے سے منسلک شیخ خلیفہ میڈیکل سٹی (ایس کے ایم سی) میں داخل ہونے کے بعد عليان میں دل کی سست دھڑکن کے عارضے کی تشخیص ہوئی جو اس کے ہوش وحواص کھونےکی بڑی وجہ ہوسکتی تھی۔اس تشخیص کے بعد ایس کے ایم سی کے کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ، ڈاکٹر کرسٹوفر ڈیوک نے ابتدائی طور پر ایک عارضی پیس میکر لگانے کی سفارش کی جسے بعد ازاں ڈیفبریلیٹر سے تبدیل کر دیا گیا۔ ڈیفبریلیٹر دل کی سست اور انتہائی تیز دھڑکن کو کنٹرول کرنے کے لیے لگایا گیا۔ کارڈیک سائنسز کے قائم مقام چیئر ڈاکٹر اینڈریو ڈیوڈ میکلین کا کہنا ہے کہ مخصوص اور ممتاز سرجن کی ٹیم کے ساتھ، ہم مقامی طور پر اس پیچیدہ سرجری کو انجام دینے میں کامیاب ہوئے، جو بصورت دیگر عالیان جیسے دیگر نوزائیدہ اور شیر خوار بچوں کو گھر کے قریب رکھتے ہوئے بیرون ملک کرنا پڑتی ہے۔ عالیان کے والد نے ایس کے ایم سی کی میڈیکل اور سرجیکل ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ ایس کے ایم سی کی پیڈیاٹرک سروسز میں ملک کی سب سے بڑی پیڈیاٹرک کارڈیالوجی سروس شامل ہے 2007 میں اپنے قیام کے بعد سے یہاں4ہزار500 سے زیادہ کارڈیک سرجریز کی جاچکی ہیں۔