آمدن کم اوراخراجات زیادہ ہوں تو مہنگائی زیادہ لگتی ہے، فواد چوہدری

لاہور: وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آمدن کم اوراخراجات زیادہ ہوں تو مہنگائی زیادہ لگتی ہے۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ سے ہیلتھ کے مسائل حل ہوں گے، جس پر ہر خاندان 10 لاکھ روپے تک علاج کروا سکے گا، نجی اسپتال جائیں تو علاج کا خرچہ حکومت اٹھائے گی، حادثے میں زخمی شخص کا بھی صحت کارڈ کے تحت فوری علاج ہو سکے گا، صحت کارڈ کا سب سے زیادہ فائدہ سفید پوش اور مڈل کلاس طبقے کو ہوگا، امیر لوگ تو بیرون ملک جاکر اپنا علاج کرواتے ہیں، مساوات قائم ہوگی وہی علاج غریب کا ہوگا جو امیر کا ہوتا ہے، جب تک پرائیویٹ سیکٹر آگے نہیں آئے گا کبھی بھی مسئلے حل نہیں ہوسکتے،اچھے اسپتال بنیں گے تو یہ عوام کیلئے فائدہ ہے، یہ پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے، سندھ حکومت صحت انصاف کارڈ میں اپنا حصہ ڈالیں، تمام پریس کلبوں کے ممبران کو صحت کارڈ دینے جارہے ہیں۔