پاکستانی وزیر خارجہ کا متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھرپور یکجہتی کااظہار

اسلام آباد، (نمائندہ خصوصی) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبيد ابراهيم سالم الزعابي سے ملاقات کی۔ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات میں سول تنصیبات پر حوثی ملیشیا کے دہشت گردی کے حملے کی پرزور مذمت کی۔ پاکستانی وزیر خارجہ نے اس حملے کو بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے دہشت گردی کےاس بزدلانہ حملے میں پاکستانی شہری سمیت دیگر شہریوں کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔ شاہ محمود نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مضبوط تاریخی تعلقات ہیں، ہم متحدہ عرب امارات کی جانب سے اپنے شہریوں کی سلامتی ،تحفظ اور علاقوں کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات میں اس کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے اس دہشت گردی کے حملے کے متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے اپنی خواہش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر نے تمام بین الاقوامی اصولوں اور قوانین سے متصادم اس گھناؤنے حملے کے حوالے سے پاکستان کے موقف،اس کی جانب سے مذمت اور متحدہ عرب امارات اور اس کے عوام کے ساتھ مخلصانہ یکجہتی پر وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کیا ۔