دبئی میں توانائی کی طلب میں 2021 کے دوران گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 فیصد اضافہ

دبئی، (نمائندہ خصوصی) دبئی الیکٹرسٹی اینڈ واٹر اتھارٹی (دیوا) کے ایم ڈی اور سی ای او سعید محمد الطایر کے مطابق 2020 کے مقابلے 2021 میں دبئی میں توانائی کی طلب تقریباً 10 فیصد اضافے کے ساتھ 45ہزار712 گیگا واٹ آورز سے 50ہزار202 گیگا واٹ آورز تک پہنچ گئی۔ الطاہر نے کہاکہ توانائی میں طلب کے اضافے کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے، دیوا نے جدید ترین سمارٹ ٹیکنالوجیز اور سائنسی منصوبہ بندی کو استعمال کیا۔دبئی میں توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب اقتصادی اور اہم سرگرمیوں کے بحال ہونے کا ثبوت ہے۔ دبئی نے چوتھے صنعتی انقلاب کی ٹیکنالوجیز سے فعال طور پر فائدہ اٹھایا اور کاروبار کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے سخت احتیاطی تدابیر کو نافذ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس وژن نے دبئی کو مختلف چیلنجز سے نمٹنے اور چیلنجز کوامید افزا مواقع میں تبدیل کرنے کے لیے ایک عالمی رول ماڈل پیش کرنے میں مدد فراہم کی ہے۔ الطایر نے کہا کہ دیوا کی بجلی کی پیداواری صلاحیت بڑھ کر 13ہزار417 میگا واٹ اوریومیہ صاف پانی کی استعداد 49 کروڑ امپیریل گیلن ہو گئی ہے۔ دیوا کو عالمی سطح پر سب سے بہترین اور معتبر یوٹیلیٹیز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، جو کارکردگی اور قابل اعتماد ہونے کے لحاظ سے یورپ اور امریکہ کی سرفہرست یوٹیلٹیز سے آگے نکل گیا ہے۔ 2020 میں، دیوا نے بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نیٹ ورک کے نقصانات کو 3.3 فیصد تک کم کیا ، جو یورپ اور امریکہ میں 6-7 فیصد ہیں ۔ پانی کے نیٹ ورک کے نقصانات شمالی امریکہ کے تقریباً 15 فیصد کے مقابلے میں کم ہو کر 5.1 فیصد رہ گئے ہیں۔ دیوا نے یورپی یونین میں بجلی کی معروف کمپنیوں کی طرف سے ریکارڈ کیے گئے تقریباً 15 منٹ کے مقابلے میں دبئی میں 1.66 منٹ ریکارڈ کرتے ہوئے بجلی کے کسٹمر منٹس لاسٹ (سی ایم ایل) میں ایک نیا عالمی ریکارڈ حاصل کیا۔