مریم المہیری10فروری کوسمندری ماحول کے تحفظ کے اجلاس سے افتتاحی خطاب کرینگی

شارجہ(نمائندہ خصوصی)موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات کی وزیر مریم بنت محمد المہیری 10 فروری کو Xposure International Photography Festival کے پہلے کنزرویشن سمٹ کی افتتاحی تقریب میں تحفظ پسندوں، ماہرین حیاتیات، سمندر کے متلاشیوں، محققین، اور فوٹوگرافروں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کریں گی۔ وزیر موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات نے ایکسپوزر انٹرنیشنل فوٹوگرافی فیسٹیول کے چھٹے ایڈیشن میں پہلی بار منعقدہ کنزرویشن سمٹ کے لئے "Save our Oceans” کا موضوع منتخب کرنے پر شارجہ گورنمنٹ میڈیا بیورو (SGMB) کی تعریف کی۔ انہوں نے عالمی ماحولیاتی چیلنجوں کو اجاگر کرنے میں میڈیا اور فوٹو گرافی کے کردار کو سراہا۔

وزیر موسمیاتی تبدیلی نے نشاندہی کی کہ سمندرجو دنیا کی حیاتیاتی تنوع کا اہم ذخیرہ اور عالمی سطح پر کروڑوں لوگوں کی روزی روٹی کا ذریعہ ہیںکو بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا ہے۔ انہوں اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے گول 14 (پانی کے نیچے زندگی) کے حصول کے لیے پائیدار حل تلاش کرکے انہیں لاگو کرنے کے لیے مربوط عالمی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ مریم المہیری نے متحدہ عرب امارات میں سمندری ماحول کے تحفظ کے لیے کیے گئے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی جس میں ماہی گیری کی سرگرمیوں کو منظم کرنا، آبی زراعت کی صنعت کو وسعت دینا، سمندری محفوظ علاقوں کا قیام، سمندری آلودگی کا مقابلہ کرنا، خطرے سے دوچار سمندری انواع کا تحفظ اور متاثرہ سمندری علاقوں کی بحالی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے سمندری ماحول کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انٹرنیشنل لیگ آف کنزرویشن فوٹوگرافرز کے اشتراک سے منعقد ہونے والی ایکسپو سینٹر شارجہ میں ایک روزہ سمٹ کا آغاز شارجہ گورنمنٹ میڈیا بیورو (SGMB) کی ڈائریکٹر عالیہ السویدی اور نیشنل جیوگرافک میں فوٹوگرافی کی سابق ڈپٹی ڈائریکٹر کیتھی موران کے افتتاحی خطاب سے ہوگا۔