دبئی(نمائندہ خصوصی) دبئی کسٹمز کے انٹلیکچوئل پراپرٹی ڈیپارٹمنٹ نے 2021 میں 14ارب78کروڑ 80لاکھ جعلی اشیاء سمیت حقوق دانش ملکیت (آئی پی آر) کے 390 تنازعات کو حل کیا۔ محکمہ نے گزشتہ سال 221 برانڈز کے لیے 21 لاکھ 12ہزار جعلی اشیاء کو ری سائیکل کیا اور 437 نئے ٹریڈ مارک اور 189 تجارتی ایجنسیوں کو رجسٹر کیا۔ حقوق دانشورانہ املاک کی اہمیت کے بارے میں آگاہی کے لیے، آئی پی آر ڈیپارٹمنٹ نے معاشرے میں بیداری کو فروغ دینے کی آٹھ مہمات اور اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں 11 تقریبات کے علاوہ ٹریڈ مارک مالکان کے تعاون سے جعل سازی سے نمٹنے کے لیے 10 ورکشاپس کا انعقاد کیا۔ آئی پی آر ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر يوسف أوزير مبارك نے کہاکہ اسٹریٹجک پارٹنرز کی مدد اور تعاون سے جعلی اشیا سے نمٹنے اور اپنی مقامی مارکیٹ میں ان کے داخلے کو روکنے کے لیے مہارت اور کارکردگی کو مسلسل ترقی دی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک ہی وقت میں، ہم حقوق دانشورانہ املاک کے تحفظ کے حوالے سے بیداری پیدا کر رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے، ہم تمام سماجی طبقات کے لیے لیکچرز کا اہتمام اور کسٹم انسپکٹرز کے لیے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کرتے ہیں تاکہ حقیقی مصنوعات کو پہچاننے کے بارے میں مزید تجربہ حاصل کرنے میں ان کی مدد کی جا سکے۔