گلوبل میڈیا کانگریس کی کمیٹی کا اجلاس ،منصوبوں کاجائزہ لیا گیا

ابوظہبی، (نمائندہ خصوصی) گلوبل میڈیا کانگریس کی سائنسی کمیٹی کے اجلاس میں کانگریس کے ایجنڈے میں شامل پینل مباحثوں، سیمینارز اور سائنسی مقالہ جات سے متعلقہ سائنسی پہلوؤں کے ساتھ ساتھ اب تک حاصل کردہ متعلقہ کامیابیوں پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر برائے صدارتی امور شیخ منصور بن زاید آلنھیان، کی زیرسرپرستی،ابوظہبی نیشنل ایگزیبیشنز کمپنی (ایدنیک) کے زیر اہتمام اور امارات نیوزایجنسی (وام )کی اسٹریٹجک شراکت داری کے ساتھ گلوبل میڈیا کانگریس، ابوظہبی میں رواں سال 15 سے 17 نومبر تک ہو گی۔ اجلاس کی صدارت امارات نیوز ایجنسی (وام) کے ڈائریکٹر جنرل اور گلوبل میڈیا کانگریس کی ہائر آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین محمد جلال الریسی نے وام کی اسٹریٹجک شراکت داری کے ساتھ کی۔ اجلاس کے دوران کانگریس کے سائنسی منصوبے اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کی ہدایات کے مطابق اس کے مقاصد کے حصول کے لیے کارفرما بہترین طریقوں اورجدت، تخلیقی صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی اور موثر شراکت پر مبنی میڈیا انڈسٹری میں ملک کے مقام کا احاطہ کیا گیا۔ کمیٹی نے گزشتہ اجلاس کے دوران زیر بحث آنے والے سائنسی پروگرامز اور منصوبوں کی بھی منظوری دی اور کانگریس کے لیے ڈیجیٹل سائنٹیفک ریکارڈ کی تیاری، شرکت کی درخواستوں، سیشنز اور ایونٹ کے موقع پر ہونے والے پروگراموں کاجائزہ لینے اور ان کے لیے ٹائم ٹیبل مرتب کرنے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔ کمیٹی کی جانب سے دنیا بھر کے میڈیا اداروں اورخبر ایجنسیوں کی جانب سے اس ایونٹ میں شرکت کے لیے ان کی بھرپور دلچسپی کو سراہا۔ گلوبل میڈیا کانگریس میں کئی ایک اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جن میں خاص طور پر ڈیجیٹل کمیونیکیشن، مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجیز اور میڈیا کے شعبے میں جدت شامل ہے۔کانگریس کے موقع پر جرنلزم، ریڈیو، ٹیلی ویژن، انٹرنیٹ، سوشل میڈیا اور بین الاقوامی انفلوئسنرز سے متعلق ماہرین کے سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ ایونٹ خلیج کے خطے، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں میڈیا مارکیٹوں کی بین الاقوامی کمپنیوں کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ ترجمہ۔تنویر ملک