محمد بن زاید اورترک صدر کاعلاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال

ابوظہبی(نمائندہ خصوصی) ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آلنھیان اور ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے ملاقات کی جس میں تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی مسائل اور باہمی دلچسپی کی امور میں پیشرفت کے علاوہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور مشترکہ کوششوں کو فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ عزت مآب شیخ محمد نے ابوظہبی کے قصر الوطن میں دورہ پر آئے ترک صدر اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔ عزت مآب نے صدر رجب طیب ایردوآن کو یو اے ای میں خوش آمدید کہتے امید ظاہر کی کہ یہ اہم دورہ دونوں ممالک، ان کے عوام اور خطے کے تمام ممالک کی ٰ بھلائی کے لیے تعاون کو مضبوط بنانے اور شراکت داری کے ایک نئے خوشحال دور کی تعمیرکی رفتار کو تیز کرے گا۔ شیخ محمد نے ترک صدر کو صدر عزت مآب شیخ خلیفہ بن زاید آلنھیان کا تہنیتی پیغام پہنچاتے ہوئے ترک صدر کی تندرستی اور مسرت اور ان کے ملک کے مزید استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ عزت مآب اور صدر اردگان نے دونوں ممالک کے لیے دستیاب تعاون خصوصاً سرمایہ کاری، ترقی، زراعت، فوڈ سیکیورٹی، صحت، ٹیکنالوجی، جدت، خلائی منصوبوں، مصنوعی ذہانت اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں مختلف مواقع کا جائزہ لیا،ان شعبوں کو متحدہ عرب امارات کے ترقیاتی ایجنڈے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک میں پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے سازگار شعبوں میں ترجیح دی جا رہی ہے۔ دونوں رہنماوں نے مشرق وسطیٰ کے متعدد مسائل اور پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا، اس تناظر میں اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک خطے میں سلامتی، امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے کوششوں اور پرامن حل کی اہمیت پر اتفاق رکھتے ہیں۔ شیخ محمد نے ترکی کے دوستانہ موقف اور متحدہ عرب امارات میں شہری تنصیبات پر حوثی دہشت گردوں کے حالیہ حملوں کی مذمت اور ان مجرمانہ حملوں کے خلاف متحدہ عرب امارات کے ساتھ اظہار یکجہتی پر تشکر اور اس کو سراہتے ہوئے ترکی کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس بات کاذکر کرتے ہوئے کہ ان کے حالیہ دورہ ترکی کے دوران طے پانے والے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی شراکت داری کے آغاز کی بنیاد رکھی، عزت مآب نے اس شراکت داری کو مضبوط بنانے اور ترقی دینے کے لیے متحدہ عرب امارات کی خواہش پر زور دیاتاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو دوگنا کرنے کے لیے آنے والے عرصے کے دوران اس کو مزید ترقی دی جاسکے۔ شیخ محمد نے کہا کہ خطے کے عوام کے فائدے کے لیے ترقیاتی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے خصوصاً عرب اور ترکی کے درمیان بہت سی مشترکات اور ترقی، تعاون اور خوشحالی کے حصول کے لیے مواقع کی روشنی میں ان ممالک کے درمیان تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات خطے میں تعاون، افہام و تفہیم اور امن کے قیام کی ہر کوشش کا اپنے ترقی، خوشحالی اور استحکام کے حصول کے لیے تعاون اور بقائے باہمی کو مضبوط بنانے پر مبنی نقطہ نظر کو ایک طرف رکھتے ہوئے خیرمقدم کرتا ہے ۔ عزت مآب نے کہا کہ متحدہ عرب امارات خطے کو درپیش متعدد مشترکہ چیلنجز کا مذاکرات، افہام و تفہیم، مشاورت اور سفارتی حل کے ذریعے مقابلہ کرنے کے لیے ترکی کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے۔ اس موقع پر ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے متحدہ عرب امارات کے دورے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے حالیہ برسوں میں امارات کی طرف سے حاصل کی گئی کامیابیوں کو سراہا۔ اپنے افتتاحی کلمات میں، ترک صدر نے عزت مآب شیخ محمد بن زاید آلنھیان اور تقریب کے شرکا کو مبارکباد دی۔ ترک صدر نے کہا کہ انہیں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں میں حالیہ تیزی اور عزیز بھائی عزت مآب شیخ محمد بن زاید آلنھیان کے گزشتہ نومبر میں ترکی کے دورے پر خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ اور صنعت کے علاوہ جدید ٹیکنالوجی، دفاعی صنعت، صحت ، زراعت ،ثقافت، نوجوانان اور میڈیا سمیت مختلف شعبوں طے پانے والے معاہدوں کی اہمیت پر زور دیا۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ترکی خلیج کے خطے کے تمام برادر ممالک کی سلامتی اور استحکام کو اپنے سے الگ نہیں سمجھتاترک صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی خطے میں امن، استحکام، تعاون اور ترقی کی کنجی ہے۔ اپنے ملک کی طرف سے دہشت گردی کی تمام صورتوں اور جواز کی مذمت اور مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترکی متحدہ عرب امارات میں شہری مقامات پر دہشت گردی حملوں کی مذمت کرنے والے پہلے ممالک میں سے ایک ہے اور یہ کہ ان کا ملک دہشت گردی کا مقابلہ جاری رکھے گا۔ صدر اردگان نے مزید کہا کہ اقتصادی تعاون متحدہ عرب امارات اور ترکی کے تعلقات کا ایک اہم محرک ہے، اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ جامع اقتصادی شراکت داری کا معاہدہ جس پر دونوں ممالک مذاکرات شروع کریں گے، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تبادلوں کے حجم کو دوگنا کرنے کے لیے ایک نئی تحریک پیدا کرے گا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ ٹیکنالوجی فنڈ کے قیام اور قابل تجدید اور صاف توانائی کی ٹیکنالوجیز کے ساتھ ساتھ چپس کی تیاری میں سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کیا جس کی کووڈ19 کی وبا کے دورن اسٹریٹجک اہمیت کو نمایاں طور پر محسوس کیا گیا ہے۔یہ طب و صحت کی سیاحت اور دیگر مشترکہ منصوبوں کے علاوہ ہے جو دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں۔ ترک صدر نے مزید کہا کہ ابوظہبی جانے والی پروازوں کی گرین لسٹ میں ترکی کو دوبارہ شامل کرنے سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے اس امیداکا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان آج ہونے والے معاہدے سب کے لیے ایک اچھی شروعات ثابت ہوں گے۔ انہوں نے اپنا اور اپنے وفد کا متحدہ عرب امارات امد پر شاندار استقبال اور مہمان نوازی پر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آلنھیان کا شکریہ اداکیا۔ اردگان نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات رقم کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے دورے پر خوشی کا اظہار اوردونوں ممالک کو متحد کرنے والی متعدد مشترکات کی روشنی میں دوطرفہ تعلقات میں مزید ترقی کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات اور اس کے عوام کے لیے مسلسل ترقی اور خوشحالی کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ شیخ محمد نے مہمان صدر اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔