لاہور(نمائندہ خصوصی) چیئرمین پاکستان تحریک اتحاد چوہدری اورنگزیب نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں کے مابین موجودہ ملکی و بین الاقوامی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک اتحاد چوہدری اورنگزیب نے موجودہ سیاسی کشمکش پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال اور عدم توازن کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے۔
انہوں نےکہا کہ سیاسی عدم برداشت ملک کو تباہی کے دہانے پر لے جائی گی۔ ملک کے مسائل کا واحد حل سیاسی جماعتوں میں برداشت کے کلچر کو فروغ دینا ہے، چیئرمین پاکستان تحریک اتحاد کا کہنا تھا کہ گالی اور گولی کی سیاست ایک سیاہ دھبے کے سوا کچھ نہیں دیتی ہے۔ سیاسی جوڑ توڑ جمہوریت کا حصہ ہے لیکن سیاسی و مالی مفادات کے عوض ایسا کرنا درست نہیں ہے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے سیاسی ہم آہنگی کے لئے چوہدری اورنگزیب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیاسی رہنماوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفادات کا تحفظ کرنا چاہئیے۔