ابوظہبی(نمائندہ خصوصی) ادنوک اور بوریلس کے جوائنٹ وینچر بروج نے الرويس میں اپنے پانچویں نئے پولی پروپلین یونٹ( پی پی 5) کے کامیاب آغاز کا اعلان کیا ہے۔ نیا یونٹ ری سائیکل ایبل ایڈوانس پیکیجنگ، انفراسٹرکچر اور دیگر صنعتی شعبوں کی تیار کردہ مصنوعات کی بڑھتی ہوئی عالمی مانگ کو پورا کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی پولی پروپیلین پیداوار کو فروغ دے گا۔ ابوظہبی پولیمر کمپنی (بروج) کے سی ای او هزيم سلطان السويدي نے کہاکہ یہ بروج کے ترقی کے سفر میں مزید پیشرفت کی عکاسی اور الرويس کی ڈاون اسٹریم سرگرمیوں کے لیے ایک متحرک، عالمی مرکز کی پوزیشن کو مستحکم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی پی 5 یونٹ ہمیں اپنے صارفین خصوصاً مشرق وسطیٰ، ایشیا بحرالکاہل اور افریقہ کی کلیدی مارکیٹوں میں پیکیجنگ اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں پولی پروپلین کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے میں مدد دے گا۔ بروج 3 میں تعمیر کردہ پی پی 5 پلانٹ بروج کی 2030 کی ترقیاتی حکمت عملی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ نیا یونٹ سالانہ 4لاکھ 80ہزار ٹن پولی پروپیلین فراہم کرے گا جس سے بروج کی پولی پروپیلین کی پیداواری صلاحیت25فیصد اضافے کے ساتھ 22لاکھ 40ہزارٹن سالانہ جبکہ اس کی پولی اولفنز کی کل پولیمر استعداد 11 فیصد اضافے سے 45 سے 50لاکھ ٹن سالانہ تک پہنچ جائےگی۔ نئے یونٹ میں سالانہ برج خلیفہ جیسی 6ہزار500 عمارتوں کی واٹر سپلائی نیٹ ورکس ضروت کے لئے کافی پائپ کا خام مال تیار کرنے کی صلاحیت ہوگی۔ بروج پبلک ٹریڈنگ انٹر پرائزز کے سی ای او رینر ہوئی فلنگ نے اس حوالے سے کہا کہ ہم اپنے صارفین اور ویلیو چین پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں تاکہ کئی اقدامات کے ذریعے ان کی سرکلر اکانومی کی ضروریات کو پوراکیا جا سکے۔ ان میں مونو میٹریل پیکیجنگ سلوشنز شامل ہے جو ری سائیکلبلٹی کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔ پی پی 5 یونٹ کی تعمیر دسمبر 2018 میں شروع کی گئی تھی جسے کووڈ 19 کی وبا کے دوران کامیابی سے مکمل کیاگیا ۔ بروج کے ایک سو سے زائد ملازمین اور چار ہزار کنٹریکٹرز نے اس منصوبے کو محفوظ طریقے سے مقررہ وقت میں مکمل کیا۔