متحدہ عرب امارات اور امریکہ میں فوجداری معاملات میں عدالتی تعاون کا معاہدہ

ابوظہبی، (نمائندہ خصوصی) متحدہ عرب امارات اور امریکہ نے فوجداری معاملات میں باہمی قانونی معاونت کے لیے عدالتی تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں یہ خلیج تعاون کونسل( جی سی سی) کے خطے میں اپنی نوعیت کاپہلا قانونی معاہدہ ہے۔ وزیر انصاف عبدالله بن سلطان بن عوض النعيمي اور متحدہ عرب امارات میں امریکی سفارت خانے کے خارجہ امور کے اتاشی شان مرفی نے دستخط کیے۔ دستخطوں کی تقریب میں النعیمی نے امریکہ اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعاون کو سراہا اور قانونی اور عدالتی تعاون کو بڑھانے کی خواہش کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی وزارت انصاف امریکہ کے ساتھ قانونی اور عدالتی شعبوں میں تعاون کو مزید تقویت دینے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے معاہدے پر عمل درآمد اور تعاون جاری رکھنے کے لیے وزارت کی خواہش پر زور دیتے کہا کہ یہ معاہدہ منی لانڈرنگ، دہشت گردوں کی مالی معاونت، انسانی سمگلنگ، منشیات سمگلنگ اور منظم جرائم سے نمٹنے کے شعبوں میں انصاف کے حصول میں خاطر خواہ معاونت کرے گا۔ یہ معاہدہ کئی شعبوں کا احاطہ کرتا ہے، جن میں فوجداری معاملات میں باہمی قانونی مدد، مدد سے انکار کے معاملات، فارم اور درخواست کا مواد اور اس پر عمل درآمد، معلومات کے استعمال اور رازداری سے متعلق پابندیاں، شواہد اور گواہی، گرفتار افراد کی منتقلی، ڈاکیومنٹ سروسز، تلاشی اور برآمدگی، ضبطی کے دوران مدد اور دیگر معاہدوں کی تعمیل شامل ہے۔ النعیمی نے معاہدے کے مسودے کی تیاری اوراس پر دستخطوں میں تعاون کرنے والے ہر فرد کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل قریب میں جاری تعاون پر زور دیا، تاکہ مختلف عدالتی شعبوں میں باہمی تجربات کے تبادلے کیے جاسکیں اور اس سے استفادہ کیا جا سکے مرفی نے معاہدے پر خوشی کا اظہار کیا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون مستحکم ہوگا۔