ریاض: کورونا وبا کے بعد پہلی بار اس رمضان میں زیادہ سے زیادہ تعداد کو خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں عبادت کی اجازت دی جائے گی جس کے لیے خصوصی تیاریاں کی کی جارہی ہیں۔ سعودی میڈیا کے مطابق حرمین شریفین کے انتظامی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدا لرحمان السدیس نے رمضان المبارک کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس کی سربراہی کی جس میں رمضان المبارک کے دوران عبادت گزاروں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لیے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔شیخ ڈاکٹر عبدا لرحمان السدیس نے معتمرین کی صحت و سلامتی کے لیے کورونا ایس او پیز کی مکمل پابندی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رمضان کی مبارک سعادتوں کو مقدس مساجد میں گزارنے کی واحد شرط مکمل طور ویکسین شدہ ہونا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ غیر منظور شدہ ویکسین لگوانے والے غیر ملکی معتمرین کو بوسٹر ڈوز بھی لگوانا ہوگا اور اس کے بعد خود کو اعتمرنا ایپ پر ’’ مکمل طور پر ویکسین شدہ ‘‘ رجسٹر کرانا ہوگا۔ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے خادمین کو ہدایت کی کہ رمضان میں عبادت کے لیے پُرسکون ماحول فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھو ڑی جائے اور معتمرین کے تحفظ کے لیے سماجی فاصلے سمیت کورونا پابندیوں پر عمل کروایا جائے۔