ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ سنی لیونی نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والوں کے ساتھ کیا کرتی ہیں۔بدقسمتی سے سوشل میڈیا پر کی جانے والی تنقید جسے ’’سوشل میڈیا ٹرولنگ‘‘ بھی کہاجاتا ہے اب بہت عام ہوگئی ہے۔ یہ بات کوئی راز نہیں کہ بالی ووڈ اداکار روزانہ کی بنیاد پر ٹرولنگ کا شکار ہوتے ہیں۔ اور کبھی کبھی تو سوشل میڈیا پر کی جانے والی تنقید اداکاروں کی زندگی پر اتنی زیادہ اثر انداز ہوتی ہے وہ خود کو روک نہیں پاتے اور ان پر بلاوجہ تنقید کرنے والوں کو کھری کھری سنادیتے ہیں۔حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران جب سنی لیونی سے اس حوالے سے پوچھا گیا کہ آپ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید یا ٹرولنگ کا سامنا کیسے کرتی ہیں؟ تو انہوں نے اس کا تفصیلی جواب دیتے ہوئے دیگر فنکاروں کو بھی تنقید نگاروں سے نمٹنے کا طریقہ بتایا۔سنی لیونی نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والے صارفین سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ وہ ان کی زندگی کا حصہ نہیں ہیں۔ اداکارہ نے بتایا اگر کوئی سوشل میڈیا پر کسی پر تنقید کرتا ہے تو اس کا مقصد سراسر توجہ حاصل کرنا ہوتا ہے۔ اسلیے ان تنقید نگاروں کا سامنا کرنے کا سب سے اچھا طریقہ یہ ہے کہ ان کے کمنٹس کو نہ پڑھاجائے اور انہیں ’’بلاک‘‘ کردیا جائے۔ لہذا میں سوشل میڈیا پر ٹرول کرنے والوں کو بلاک کردیتی ہوں۔