دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف دبئی کے سینئر نائب صدر کلیم اللہ شاہ بخاری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف یو اے ای اسلام آباد میں ہونے والے تاریخی اوورسیز کنونشن میں بھر پور شرکت کرے گی ۔کلیم اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار اوورسیز پاکستانیوں کو ان کا اصل مقام مل رہا ہے جس کے وہ حق دار ہیں ، اوورسیز پاکستانیوں کو دی جانے والی مراعات اور سہولیات بھی تاریخی ہیں لیکن پاکستان کی اکانومی کو سہارا دینے والے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے جن کے لیے مشاورت سے تجاویز تیار کی جا رہی ہیں ۔پی ٹی آئی دبئی کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ اپنی تجاویز کنونشن میں عمران خان ، مخدوم طارق الحسن اور ڈاکٹر شاہد محمود کی خدمت میں پیش کی جائیں گی، سر فہرست میں ذاتی موبائل فون کی پاکستان میں بندش، دبئی میں پاکستانی یونیورسٹی کا کیمپس، قونصلیٹ اور سفارت خانے کے ذریعے برے حالات میں پھنس جانے والے اوورسیز پاکستانیوں کی مالی و قانونی امداد کا فنڈ وغیرہ جیسے مسائل ہیں۔