عمران خان اپوزیشن کو ایک ہی ٹوکرے میں بند کردیں گے، شیخ رشید

اسلام آباد: وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد عمران خان کے لیے تحریک اطمینان ہوگی، عمران خان تمام مشکلات سے باہر نکلیں گے، اور ان سب کو ایک ہی ٹوکرے میں بند کردیں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سارا مہینہ خبروں کی گہما گہمی ہوگی، ہمیں کسی مارچ سے کوئی مسئلہ نہیں، پیپلزپارٹی نے آسٹریلیا کی ٹیم کے لیے راستہ بدلا جو خوش آئند ہے، ہم انہیں متبادل راستہ اور جگہ دیں گے، ہم لانگ مارچ میں رکاوٹیں پیدا نہیں کریں گے، خواتین مارچ کی بچیوں کو بھی کہنا چاہتا ہوں کہ بے شک وہ مارچ کریں لیکن جگہ کا انتخاب سوچ کرکریں، 22 سے 24 مارچ تک اسلام آباد میں وزرائے خارجہ کانفرنس ہوگی، اسلامی ممالک کے مہمان آرہے ہیں، اس دوران عام تعطیل ہوگی ، 23 مارچ کو فلائنگ مارچ اور تاریخی پریڈ ہوگی، جے ٹین سی طیارے بھی مارچ کریں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کہہ رہی ہے ایمپائر نیوٹرل ہے جو اچھی بات ہے، لیکن اپوزیشن عدم اعتماد کی تحریک میں ناکام ہوئی تو کہہ دے گی تھرڈ ایمپائر آگیا، اپوزیشن کہہ رہی ہے ہمارے بندے پورے ہیں، سارے بندے تو اللہ کے ہیں، 172 لوگوں کو آپ نے لانا ہے ہم تو تیار ہیں، عمران خان کے خلاف عدم اعتماد ناکام ہوگی، اور تحریک عدم اعتماد عمران خان کے لیے تحریک اطمینان ہوگی، عمران خان تمام مشکلات سے باہر نکلیں گے، اور ان سب کو ایک ہی ٹوکرے میں بند کردیں گے۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن میں اتنی عقل نہیں کہ وہ حالات کے تقاضوں کو سمجھے، ملک زلزلے سیلاب سے نہیں انتشار سے تباہ ہوتے ہیں، غیر ملکی قوتیں ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کررہی ہیں، ہمارے پاس اطلاعات ہیں کہ غیرملکی طاقتیں پاکستان میں بدامنی پھیلانا چاہتی ہیں، دنیا میں عالمی جنگ کے خطرات ہیں اپوزیشن کیا کررہی ہے، حالات کے تقاضوں کو نہیں سمجھ رہی ہے، میری ذاتی رائے ہے کہ بات چیت کے لیے دروازے ہمیشہ کھلے ہونے چاہئے۔شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن والے بتائیں آپ ملک کو کس طرح چلائیں گے، عدم اعتماد کی تحریک سے متعلق کوئی انہونی ہوئی تو عمران خان مزید سرگرم ہوں گے، جیلوں سے بچنے والے جلد قانون کے دائرے میں ہوں گے۔ کل میلسی کے جلسے نے بتادیا کہ عمران خان ایکٹو ہیں، پہلی بار ملک میں ملکی خارجہ پالیسی بنی، عمران خان نے ملک میں سامراج کے خلاف آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی ہے، ہیلتھ کارڈ کی وجہ سے سرکاری اسپتال خالی ہیں، صحت کارڈ کی وجہ سے اب غریب آدمی 5 اسٹار اسپتال سے علاج کرواتا ہے۔وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پشاور دھماکے میں ملوث نیٹ ورک کا پتہ چلا لیا ہے، حملے میں شامل چھ چھ کے بندے ہمارے ریڈار میں آگئے ہیں، طالبان نے کہا کہ ان کی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔