4 صوبائی وزرا کا ترین گروپ سے علیحدگی کا اعلان

لاہور: جہانگیر ترین گروپ میں شامل 4 صوبائی وزرا نے گروپ سے علیحدگی اور آج وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان عدم اعتماد کی تحریک ناکام بنانے کے مشن پر آج لاہور میں ہیں، وزیر اعظم سے وزیر اعلی عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ملاقات کی، عثمان بزدار نے پنجاب کے ارکان قومی اسمبلی اور ارکان صوبائی اسمبلی سے رابطوں کے حوالے سے بریفنگ دی، جب کہ پنجاب میں اتحادی قیادت اور ترین گروپ کے ارکان سے ملاقاتوں کے حوالے سے بھی بریف کیا۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے، جس کے خلاف ترین گروپ نے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے، ترین گروپ کے ارکان کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار کی موجودگی تک کسی بھی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا جائے گا، اور گروپ کے ارکان کسی بھی پارلیمانی میٹنگ میں شریک نہیں ہوں گے، عثمان بزدار کسی صورت وزیر اعلی قبول نہیں۔تاہم ترین گروپ کے 4 اہم صوبائی وزرا نے اس بائیکاٹ کے خلاف وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دینے کا اعلان کردیا ہے۔