سینیٹر رحمان ملک کا ختم چہلم 27مارچ کو ہوگا

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پیپلزپارٹی کے سینئررہنما و سابق وزیر داخلہ رحمن ملک کا ختم چہلم و قرآن خوانی 27مارچ بروز اتوار دن تین بجے ان کی رہائش گا ہ پر ہوگی۔ سوگواران کی طرف سے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے شرکت کی درخواست ہے۔

یاد رہے کہ رحمان ملک پاکستان کی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک وزیر داخلہ کے منصب پر فائز رہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما رحمان ملک نے سوگواروں میں بیوہ اور دو بیٹوں کو چھوڑا ہے۔پیپلزپارٹی کے رہنما رحمان ملک کا شمار بے نظیر بھٹو کے بااعتماد ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان میثاق جمہوریت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔سینیٹر رحمان ملک 12 دسمبر 1951ء کو پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق پنجاب کے ضلع سیالکوٹ سے تھا۔رحمان ملک نے اپنے کیریئر کا آغاز فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) میں بطور ڈائریکٹر کیا تھا۔ بے نظیر بھٹو جلا وطن ہوئیں تو رحمان ملک بھی جلا وطن ہو گئے اور ان کے ساتھ ہی واپس آئے۔2008 کے انتخابات ہوئے تو انھیں وزیراعظم کا مشیر برائے داخلہ تعینات کیا گیا۔ بعد ازاں وہ سینیٹر منتخب ہوکر وزیر داخلہ بن گئے۔

وزارت داخلہ سے سبکدوش ہونے کے بعد وہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین بھی رہے۔پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت میں وہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان اختلافات کی صورت میں پل کا کردار بھی ادا کرتے رہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں رحمان ملک نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ان کے کردار کو سراہا جاتا رہا ہے۔کراچی یونیورسٹی نے انہیں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی تھی جبکہ حکومت نے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی خدمات پر انہیں ستارہ شجاعت اور نشان امتیاز سے نوازا تھا۔رحمان ملک کو میڈیا میں رہنے کا فن آتا تھا، اپنے دور حکومت میں وہ دن میں متعدد مرتبہ میڈیا سے مخاطب ہوتے تھے۔ رحمان ملک نے کئی کتابیں بھی لکھی تھیں جن میں مودی وار ڈاکٹرائن، داعش اور ٹاپ 100 انویسٹی گیشنز شامل ہیں۔