پنجاب اسمبلی میں جہانگیر ترین گروپ کے بعد علیم خان گروپ نے بھی وزارتِ اعلیٰ کے لیے حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے نوجوانوں کو مبینہ غیر ملکی سازش کے خلاف پرامن احتجاج کرنے کا کہا ہے۔ عمران خان نے الزام عائد کیا کہ امریکہ نے اپوزیشن کے ساتھ مل کر سازش کی ہے اور کہا کہ فوج کے نیوٹرل رہنے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے پنجاب میں پارلیمانی رہنما حسن مرتضیٰ نے پنجاب میں وزارتِ اعلیٰ کے امیدوار حمزہ شہباز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ علیم خان گروپ نے اپوزیشن امیدوار کی حمایت کرے گی۔
حسن مرتضی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’پنجاب آفس میں حمزہ شہباز کو خوش آمدید کہتا ہوں، سیاسی بے یقینی کی صورتحال کے مقابلے کے لیے سیاسی لوگوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ہم عوامی مسائل کو لے کر نکلے تھے بات کسی اور طرف نکل گئی اپنے اقتدار بچانے کے لیے بدامنی اور غیر یقینی کی صورتحال پیدا کی گئی، اس لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب میں حمزہ شہباز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کی کامیابی ہماری کامیابی ہو گئی۔
حمزہ شہباز نے پیپلز پارٹی کے عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’چار سال سے جو استحصال کیا گیا، اس کے خلاف نکلے ہیں کھاد کا بحران آ رہا ہے لوگوں کے پاس کھانے اور ادویات لینے کے پیسے نہیں ہیں۔
پی ٹی آئی کے تمام رکنِ پارلیمان پرویز الٰہی کو ووٹ کریں: عمران خان
All PTI MPAs in Punjab must ensure they vote for Ch Pervez Elahi in the CM Punjab election tomorrow. Any PTI MPA going against party direction, including abstaining from vote, will be disqualified and will face strict disciplinary action.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 2, 2022
وزیرِ اعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے تمام اراکین صوبائی اسمبلی کو کل پنجاب میں وزارتِ اعلیٰ کے انتخاب میں چودھری پرویز الہٰی کو ووٹ دینے کی تلقین کی ہے۔
انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’رائے شماری سے غیر حاضر رہنے یا جماعتی ہدایات کیخلاف ووٹ ڈالنے والے رکن کو کڑی انضباطی کارروائی کا سامنا ہو گا اور اسے نااہل قرار دیا جائے گا۔‘
فوج کے ساتھ مسائل نہیں، غیر جانبداری کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں: عمران خان
عمران خان نے ایک شہری کے سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کو ایک مضبوط فوج کی ضرورت ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ ہمیں ایسا کچھ نہیں کرنا چاہیے کہ فوج کو نقصان پہنچے۔
اُنھوں نے اس تاثر کو رد کیا کہ اُن کے اور فوج کے درمیان مسائل ہیں۔
اُنھوں نے کہا کہ وہ فوج کے غیر جانبدار رہنے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، جس چیز سے اُن کی ساکھ برقرار رہے ہم اُن کے ساتھ ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ امر بالمعروف جب وہ کہتے ہیں تو وہ پوری قوم سے یہ کہہ رہے ہوتے ہیں۔
امریکہ نے اپوزیشن کے ساتھ مل کر سازش کی، عمران خان کا دعویٰ
وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اپنے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کو امریکہ اور اپوزیشن کی مشترکہ سازش قرار دیا۔
ایک شہری کے سوال کے جواب میں اُنھوں نے کہا کہ اس پر خاموش رہنا بہت بڑا جرم ہو گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ اتوار کو عدم اعتماد کے ووٹ میں کامیاب ہوں گے اور اُن کے پاس ایک سے زیادہ پلان ہیں۔