آج بھارت فیصلہ کرے تو دس، پندرہ ارب روپے میں پاکستان میں حکومت گراسکتا ہے، عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج یہ حالات ہیں کہ کوئی بھی ملک پاکستان میں حکومت گرا سکتا ہے، اگر آج بھارت یہ فیصلہ کرے کہ پاکستان میں حکومت گرانی ہے تو وہ 10 سے 15 ارب روپے میں حکومت گرا سکتا ہے۔وزیراعظم نے گورنر ہاؤس لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارکن الیکشن کی تیاری شروع کردیں، انشااللہ اگلے 3 ماہ میں پاکستان میں الیکشن ہوگا اور اس بار انتخابات میں ہم بہت سوچ سمجھ کر اپنے نظریاتی لوگوں کو ٹکٹ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم سے ماضی میں غلطیاں ہوئیں اور ہمیں اس کی بہت بڑی سزا بھگتنی پڑی، ہم نے اپنی غلطیوں سے سیکھ کر یہ فیصلہ لیا ہے کہ ہم نے ٹکٹس سوچ سمجھ کر ان لوگوں کو دینے ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حکومت گرانے کے لیے بہت بڑی بیرونی سازش ہوئی، ہمارے غدار ان کے ساتھ مل گئے، ان کا ساتھ دینے والے زیادہ تر لوگوں کو اس سازش کا علم نہیں تھا لیکن اچکنیں سلوانے والے ان کے بڑے اس سے واقف تھے۔انہوں نے کہا کہ میں نے آپ سب کو بتانا ہے کہ انشااللہ اس الیکشن میں جا کر اس بیرونی سازش کا حصہ بننے والوں کو سبق سکھائیں گے جنہوں نے آزاد خارجہ پالیسی رکھنے والی حکومت کو گرانے کی کوشش کی، پاکستان کے عوام ان کو ایسا سبق سکھائیں گے کہ یہ صرف الیکشن نہیں ہاریں گے بلکہ ان کی سیاست کی قبر بن جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ 3 چوہے وہ لوگ ہیں جن کی دولت پاکستان سے باہر پڑی ہے، 30 سال سے یہ ملک سے باہر پیسہ بھیج رہے ہیں، جن کا پیسہ باہر ہوگا وہ یہی کہیں گے کہ بھکاری اپنی مرضی کے فیصلے نہیں کر سکتے، یعنی اگر ہم مقروض ہیں تو ہمیں غلامی کرنی پڑے گی۔عمران خان نے مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ غلامی تم کرو گے، یہ آزاد قوم ہے جو کسی کے آگے نہیں جھکے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگوں سمیت کئی لوگوں کو خرید کر آواری ہوٹل میں رکھا گیا، یہ لوگ ضمیر بیچ کر ساری قوم کے سامنے ہماری جمہوریت، سالمیت اور مستقبل تباہ کر رہے ہیں۔