متحدہ اپوزیشن کے اراکین پنجاب اسمبلی علامتی اجلاس کیلیے ریلی کی صورت میں روانہ

لاہور: متحدہ اپوزیشن کے اراکین پنجاب اسمبلی مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور حمزہ شہباز سمیت دیگر سینئر لیگی قیادت کے ہمراہ پنجاب اسمبلی کے علامتی اجلاس کے لیے ریلی کی صورت میں روانہ ہوگئے۔نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز، حمزہ شہباز اور سینئر لیگی رہنما متحدہ اپوزیشن کے اراکین صوبائی اسمبلی کے ہمراہ نجی ہوٹل سے پنجاب اسمبلی سے متصل ہوٹل میں علامتی اجلاس کے لیے روانہ ہوئے۔ اس سے قبل نجی ہوٹل میں متحدہ اپوزیشن کے اراکین کا اجلاس منعقد کیا گیا۔مریم نواز، حمزہ شہباز اور متحدہ اپوزیشن کے اراکین سے اظہار یکجہتی کے لئے پہنچیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنماؤں علیم خان، جہانگیر ترین اور چھینہ گروپ کے اراکین بھی ریلی میں موجود تھے۔اراکین اسمبلی بسوں اور ذاتی گاڑیوں میں سوار ہو کر روانہ ہوئے، اس موقع پر اراکین اسمبلی کے ذاتی گارڈز بھی اُن کے ہمراہ تھے جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی متحدہ اپوزیشن کے ہمراہ تھے۔اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کے نعرے لگائے اور ووٹنگ میں اپنی مکمل حمایت کا یقین بھی دلایا۔ دوسری جانب اسمبلی عمارت کے باہر جمع ہونے والے پی ٹی آئی کارکنان کو پولیس نے منتشر کردیا۔واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کو آج صبح سے پولیس اہلکاروں نے گھیرے میں لے کر سیل کیا ہوا ہے۔