ای اے ڈی نے ابوظہبی کے پانیوں میں ایگل رے کی نئی قسم دریافت کرلی

ابوظہبی،(ویب ڈیسک) ابوظہبی کے سمندروں میں ایگل رے مچھلی کی ایک نئی قسم کی دریافت کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ نئی قسم (Aetomylaeus wafickii) خلیج عرب میں 2016 میں فشریز ریسورس اسسمنٹ (ایف آر اے ایس ) کے دوران جمع کیے گئے نمونوں میں پائی گئی ہے۔ماحولیاتی ایجنسی ابوظہبی (ای اے ڈی) کے مطابق ان نمونوں کو ایلاسموبرانچ اور مچھلی کی دیگر اقسام کے ساتھ جمع کیا گیا تھا۔ اس وقت ایگل رے کی شناخت بینڈڈ ایگل رے (Aetomylaeus nichofii) کے طور پر کی گئی، جو ظاہری شکل میں بہت ملتی جلتی ہے۔تاہم، اس کے بعد مکمل جانچ اور سائنسی تحقیق کی اشاعت کے بعد اسے نئی قسم تصور کیا گیا جس میں اس کی جسمانی وضاحت کو نمایاں کیا گیا۔ ایگل رے کی نئی قسم کو ملتی جلتی اقسام بلیو بینڈڈ ایگل رے (Aetomylaeus caeruleofasciatus) اوربینڈڈ ایگل رے (Aetomylaeus nichofii) سے اس کی پشت پر ہلکے نیلے رنگ کے بینڈز کی ایک بڑی تعداد (8-10 بینڈ) ،ٹوتھ پلیٹ قطاروں کی بڑی تعداداور اس کی چھوٹی دم سے ممتاز کیا جا سکتا ہے۔یہ تفصیل 11 فروری 2022 کو میرین بائیو ڈائیورسٹی جریدے میں شائع ہوئی ہے۔ ای اے ڈی میں زمینی و سمندری حیاتیاتی تنوع ڈویژن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر احمد الہاشمی نے کہا کہ ابوظہبی کے پانیوں میں ایگل رے کی ایک نئی نسل کا دریافت ہونا بہت اہم ہے۔پچھلے دو سالوں کے اندر، ہم نے انواع کا ایک سلسلہ دریافت کیا ہے۔ یقین ہے کہ ہم مستقبل میں اور بھی زیادہ دریافتیں کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پائی جانے والی انواع کی لمبی عمر اور پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے ہم نےبحالی کے وسیع پروگرامزتشکیل دئے ہیں تاکہ ہماری نسلیں ابوظہبی کی حیاتیاتی تنوع کی وسعت اور خوبصورتی سے لطف اندوز ہو سکیں۔متحدہ عرب امارات کے پانیوں میں ماہی گیری سروے کے ذریعے خلیج عرب میں مچھلیوں کے بہت سے نمونے جمع کئے گئے ہیں جن کی جانچ پڑتال کی گئی اور ان کا موازنہ انواع کی دیگر علاقائی اقسام سے کیا گیا۔مچھلیوں کے 600 سے زیادہ نمونے کئی ایلاسموبرانچ کے ساتھ جمع کیے گئے۔ ان نمونوں کو کیلیفورنیا اکیڈمی آف سائنس (سی)، میوزیم آف کمپریٹو زولوجی (ایم سی ذیڈ)، ہارورڈ، اور امریکہ کے نیشنل میوزیم سمتھسونین (یو ایس این ایم) میں مچھلیوں کے ذخیرے میں رکھا گیاہے۔خلیج عرب انتہائی اتار چڑھاؤ والے ماحول کی حامل ہے جس میں سطح سمندر ( ایس ایس ٹی) کا درجہ حرارت 20˚C سے زیادہ ہے۔گرمیوں میں، ایس ایس ٹی بالائی جنوبی بیسن میں 36˚C سے زیادہ اور سردیوں میں کم از کم 12˚C تک پہنچ جاتا ہے۔ بخارات کی بلند شرحوں کی وجہ سے بھی خلیج عرب میں نمکیات کی انتہائی سطح پائی جاتی ہے۔