ابوظہبی(ویب ڈیسک) نیشنل کرائسز اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (این سی ای ایم اے) کے سرکاری ترجمان ڈاکٹر طاہر الامیری نے عید الفطر کے پروٹوکول کا اعلان کیا ہے جس میں ملک بھرکی مساجد میں نماز ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اس عرصے کے دوران نافذ کیے جانے والے احتیاطی اقدامات شامل ہیں۔ڈاکٹر العمیری نے کہا کہ پروٹوکول میں پارکوں اور پارکنگ لاٹس کے استعمال کے ساتھ ساتھ مساجد کے آس پاس کی بیرونی جگہوں پر جسمانی دوری کے اسٹیکرز لگانے کا تعین کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پروٹوکول کے مطابق عید الفطر کی نماز کے لیے مساجد اور نماز ہال عید کے دنوں میں فجر کی نماز کے بعد کھلیں گے اور مقررین عید کی نماز شروع ہونے سے آدھا گھنٹہ قبل تکبیروں کا اعلان کریں گے۔پروٹوکول کے مطابق نماز اور خطبہ کا مشترکہ دورانیہ 20 منٹ مقرر کیا گیا ہے جبکہ نمازیوں کے داخلے اور باہر نکلنے کی نگرانی پولیس کے گشت، رضاکاروں اور اماموں کے ذریعے کی جائے گی تاکہ زیادہ ہجوم کو روکا اور نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔ڈاکٹر العمیری نے کہا کہ نمازیوں کو ہر وقت ماسک پہنتے ہوئے ایک میٹر کی دوری برقرار رکھنا ہوگی اور ذاتی یا ایک بار استعمال ہونے والی عبادتی چٹائیوں کا استعمال کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اجتماعات، مصافحہ اور بغل گیر ہونے سے گریز کریں اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے زبانی سلام کریں۔انہوں نے کہا کہ پروٹوکول میں عید الفطر کی تقریبات سے متعلق کئی شرائط بشمول الحسن ایپ پر ایک فعال گرین پاس رکھنے کی ضرورت اور متعلقہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا جیسے ماسک پہننا اور جسمانی دوری شامل ہیں۔انہوں نےعوام پر زور دیا کہ وہ عیدی اور تحائف دینے کیلئے الیکٹرانک ذرائع استعمال کریں اور تقریبات کو اپنے خاندانوں اور قریبی رشتہ داروں تک محدود رکھیں۔ڈاکٹر العمیری نے عید الفطر کے موقع پر متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کے ساتھ ساتھ دیگر عرب اور اسلامی ممالک کو بھی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ متحدہ عرب امارات اپنی دانشمندانہ قیادت اور اپنی مشترکہ قومی کوششوں کی بدولت احتیاطی اقدامات اپنانے کے ذریعے اس وباء کو محدود کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کرونا کیسزمیں مسلسل کمی دیکھنے میں آرہی ہےجس کی بنیادی وجہ صحت کے شعبے کی قیادت میں مختلف حکام کی اہم کوششوں کی وجہ سے ہے۔متحدہ عرب امارات نے بحالی اور معمول پر واپسی کے حوالے سے بڑی کامیابی حاصل کی ہے جسے عوام کی احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کے ذریعے برقرار رکھا جائے گا۔انہوں نے صحت اور دیگر حکام کی طرف سے جاری کردہ رہنما اصولوں کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور عوام سے تعاون کرنے کی اپیل کی تاکہ عید الفطر کی تقریبات کو محفوظ طریقے سے منانے کو یقینی بنایا جا سکے۔