مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اٹھانے کا وقت گزر چکا، عمران خان مگر مچھ کے آنسو نہ بہائیں، فضل الرحمن

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اٹھانے کا وقت گزر چکا،مودی کا حالیہ اقدام اچانک نہیں،اس کا وعدہ انہوں نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے کیا تھا،تب ہمارے وزیراعظم مودی کی الیکشن مہم چلا رہے تھے، امریکہ کے ٹرپ سے کپتان ٹریپ ہو کر آئے اب مگر مچھ کے آنسو نہ روئیں۔ منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہسلامتی کونسل کہ قرار دادیں کشمیر کو حق خود ارادیت اور متنازعہ علاقہ قرار دیتی ہیں،بھارت کے حالیہ فیصلے نے بین الاقوامی دستاویزات کی نفی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں،صرف عالمی قرار دادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کا حل ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری 70 سال بھارتی مظالم برداشت کر رہے ہیں،اس وقت تاریخ انسانی کے سفاک دور سے کشمیری گزر رہے ہیں،گلگت بلتستان اور کشمیر کی جغرافیائی صورتحال مختلف ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر پر حکومتی موقف واضح نہیں،حکومت اور جعلی وزیر اعظم نے مشترکہ اجلاس کو غیر سنجیدہ لیا،موجودہ حکومت عوام کی نمائندہ نہیں،بیس منٹ کیلئے ملتوی کیا گیا اجلاس چار گھنٹے تک ملتوی رہا۔ انہوں نے کہاکہ کور کمانڈر کانفرنس میں اصولی موقف اپنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکاری کا یہ اقدام اچانک نہیں،اس کا وعدہ انہوں نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے کیا تھا اور تب ہمارے وزیراعظم مودی کی الیکشن مہم چلا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے کشمیر کی آئینی حیثیت اور آرٹیکل 370 کو تبدیل کرنے کا منشور بھارتی عوام کو دیا،جمعیت علماء اسلام کے سربراہ نے سوال اٹھایا کہ آخر ہماری سفارتکاری پوری دنیا مین کیوں ناکام ہوئی؟،امریکہ کے ٹرپ سے کپتان ٹریپ ہو کر آئے اب مگر مچھ کے آنسو نہ روئیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں استعمال ہونے والوں میں ایک مہرہ ہمارا کپتان بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرنڈر ہونا عمران خان کی خاندانی صفات میں شامل ہے۔