سید شرافت علی شاہ کی پاکستانی کمیونٹی کیلئے گرانقدر خدمات پر صدر پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کی خراج تحسین
دبئی (نمائندہ خصوصی) متحدہ عرب امارات میں عرصہ سے مختلف خدمات انجام دینے والے سید شرافت علی شاہ کیلئے پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر چودھری خالد حسین کی جانب سے خراج تحسین پیش کی گئی ، چودھری خالد حسین نے کہا کہ وہ جتنا عرصہ بھی امارات میں رہے پاکستانی کمیونٹی کے لیے خدمات سر انجام دیتے رہے۔صدر پاکستان سوشل سینٹر شارجہ چودھری خالد حسین نے کہا کہ سید شرافت علی نے پاکستانی قونصلیٹ دبئی ، پاکستان سوشل سینٹر شارجہ، پاکستان ایسوسی ایشن دبئی، تعلیمی اداروں اور دیگر پلیٹ فارمز پر اپنی علمی، ادبی اور فنکارانہ صلاحیتوں کے جوہر دکھاے ، سٹیج سیکرٹری کے فرائض بطریق احسن انجام دیے، سید شرافت علی شاہ دبئی میں اپنا عرصہ ملازمت پوری کر کے پاکستان جا چکے ہیں لیکن ہمیں ان کی کمی آج بھی محسوس ہوتی ہے، سید شرافت علی شاہ ایک بہترین آرٹسٹ ہیں جنہوں نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں سے دوسروں کو فائدہ پہنچایا، نوجوان نسل کو راہ راست پہ لانے کے لیے ڈراموں اور لانگ پلیز کے ذریعے ان کی رہنمائی کی۔چودھری خالد حسین نے سید شرافت علی شاہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے دعا کی ہے-خیال رہے کہ سید شرافت علی شاہ آج کل کراچی میں مقیم ہیں اور اپنی فنکارانہ سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔