آسٹریا ‘پاکستانی سفیر کے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کیلئے (OFID) کے ساتھ قرض کے معاہدے پر دستخط
آسٹریا میں سفیر پاکستان نے حکومت پاکستان کی جانب سے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ (MDHP) کیلئے اوپیک فنڈ برائے بین الاقوامی ترقی (OFID) کے ساتھ قرض کے معاہدے پر دستخط کیے جو اسلامی ترقیاتی بینک، کویت فنڈ اور سعودی فنڈ کے تعاون سے چل رہا ہے۔ معاہدے کے تحت مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے 72ملین امریکی ڈالر فنڈ کی فراہمی ہوگی۔ قرض معاہدے پر آسٹریا میں پاکستان کے سفیر آفتاب احمد کھوکھر اور اوپیک فنڈ کے ڈائریکٹر جنرل عبدالحمید الخلیفہ نے دستخط کیے ۔ مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں واقع ہے، مہمند ڈیم قابل تجدید توانائی کی صلاحیت میں 800 میگاواٹ اضافہ کرے گا اور مکمل ہونے کے بعد پشاور شہر کے 20لاکھ رہائشیوں کو صاف پینے کا پانی فراہم کرے گا، منصوبہ سے تقریباً 15000ہیکٹر زمینی رقبے پر فصلوں کی پیداوار ہوگی جس کے ذریعے خوراک کی حفاظت بہتر ہوجائے گی جب کہ ڈیم سے سیلاب کی بھی روک تھام ہوسکے گی، اس ڈیم میں 1.6ملین کیوبک میٹر پانی کے ذخیرہ گنجائش ہوگی اور ڈائیورژن سرنگوں سے نئی اور موجودہ آبپاشی کی نہروں کو پانی کی فراہمی ممکن ہو گی۔