اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ووٹنگ کے طریقہ کار پر آئینی ترمیم کیخلاف درخواست مسترد
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے اوورسیزپاکستانیوں کے لیے ووٹنگ کے طریقہ کار پر آئینی ترمیم کےخلاف درخواست مسترد کردی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے اوورسیزپاکستانیوں کے لیے ووٹنگ کے طریقہ کار پر آئینی ترمیم کےخلاف درخواست پر سماعت کی جس میں درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا حق تسلیم کیا جاتا ہے لیکن دیا نہیں جاتا، قیامت تک سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دیا جائے گا۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ پارلیمنٹ نے بدنیتی سے سمندرپار پاکستانیوں کے ووٹ کا معاملہ دوبارہ صفرپرپہنچادیا ہے۔
وکیل کے بیان پر جسٹس اطہر من اللہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کی قانون سازی کو بدنیتی نہیں کہا جاسکتا۔
بعد ازاں عدالت نے وکیل کے دلائل سننے کے بعد اوورسیزپاکستانیوں کے لیے ووٹنگ کے طریقہ کار پر آئینی ترمیم کےخلاف درخواست مسترد کردی۔
عدالت نے امید ظاہر کی کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے گا۔