ممبئی: حال ہی میں سابق بھارتی اداکارہ ثنا خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ خواب میں خود کو قبر میں جلتا دیکھتی تھیں۔
بالی وڈ انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی سابق اداکارہ ثنا خان نے حج کے دوران عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ٹی وی اور فلموں میں کامیابی کے بعد بھی وہ ذہنی دباؤ کا شکار رہیں، جس کے بعد انہوں نے حجاب پہننے کا ارادہ کیا۔
شوبز کو خیرباد کہنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ثنا خان نے ایک ویڈیو میں کہا کہ ’ماضی میں میرے پاس سب کچھ تھا، پیسہ، نام، شہرت، اور میں اپنی مرضی کے مطابق سب کچھ کر سکتی تھی، مگر ایک چیز کی کمی تھی، میرے دل کو سکون نہیں مل رہا تھا۔
سابق اداکارہ نے کہا کہ ’مجھے ابھی تک یاد ہے، رمضان کے مہینے میں مجھے خواب میں قبر دکھائی دیتی رہی، جس میں آگ ہوتی اور میں خود کو اس قبر میں پاتی‘۔
ثنا خان کا کہنا تھا ’میں نے محسوس کیا کہ اللہ مجھے دکھا رہا ہے کہ اگر میں نے اپنی زندگی کو تبدیل نہیں کیا تو میرا یہی انجام ہو گا۔ اس کے بعد میں بے قرار رہنے لگی‘۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے ایک بیان میں پڑھا کہ’آپ نہیں چاہتیں کہ آپ کا آخری دن، حجاب پہننے کا پہلا دن ہو ، اس بات نے میرے دل کو چھو لیا اور اسکے بعد میں نے پوری زندگی حجاب پہننے کا ارادہ کیا۔
ثنا خان نے کہا کہ ’اگلی صبح میری سالگرہ تھی، میں نے سکارف خریدا اور اوڑھ کر خود سے کہا، اب اس کو کبھی نہیں اتاروں گی‘۔
یاد رہے کہ ثنا خان نے 2019 کے اوائل میں شوبز کو خیر باد کہہ کر خود کو پوری طرح اسلامی نظریات اور احکامات کے مطابق ڈھال لیا جس کے بعد 2020 میں انہوں نے مفتی سید انس سے شادی اور رواں ماہ انہوں نے شوہر کے ساتھ حج کی ادائیگی بھی کی۔