مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل سامنے آیا ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے ردعمل میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان کو ایک تماشہ بنا دیا گیا ہے، تینوں جج صاحبان کو سلام’۔
پاکستان کو ایک تماشہ بنا دیا گیا ہے۔ تینوں جج صاحبان کو سلام
— Nawaz Sharif (@NawazSharifMNS) July 26, 2022
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میں پرویز الٰہی کی درخواست منظور کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کی رولنگ کالعدم قراردے دی ہے۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ درست نہیں، ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کالعدم قرار دی جاتی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہےکہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کا کوئی قانونی جواز نہیں، پنجاب کابینہ بھی کالعدم قرار دی جاتی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہےکہ پنجاب کے عوام کے بنیادی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی کی گئی،ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں،حمزہ شہباز منتخب وزیراعلی نہیں ہیں، حمزہ شہباز کے حلف کی کوئی قانونی حیثیت نہیں،حمزہ شہباز کی کابینہ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، حمزہ شہباز اور ان کی کابینہ فوری طور پر اپنے دفاتر خالی کردیں۔