پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے شہباز گل کو دوبارہ پولیس ریمانڈ پر بھیجنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے پی ٹی آئی کیخلاف سازش قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے لکھا کہ ’شہباز گل کو دوبارہ پولیس ریمانڈ پر بھجوائے جانے پر گہری تشویش ہے، اغوا کے بعد نامعلوم مقام پر منتقلی اور پھر تھانے لائے جانے کے دوران کئے گئے تشدد کے نتیجے میں اس کی ذہنی حالت اور جسمانی صحت نہایت خراب ہے۔
عمران خان نے لکھا کہ ’یہ بھی سازش کا حصہ ہے، جس کے ذریعے مجھے اور تحریک انصاف کو نشانہ بنانے کیلئے ہمارے خلاف اسی طرح زبردستی جھوٹے بیانات حاصل کئے جائیں جس طرح یہ سوشل میڈیا کارکنان کیخلاف کررہے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ یہ سب ناقابلِ قبول ہے، ہم شہبازگِل پر تشدد ہی کیخلاف نہیں بلکہ اپنےخلاف کی جانےوالی ہر ماورائے آئین وقانون کارروائی کے تدارک کیلئے تمام ممکنہ قانونی اور سیاسی اقدامات اٹھائیں گے۔