اسلام آباد: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے اسی) کے اجلاس میں چیئرمین نادرا نے انکشاف کیا ہے کہ حساس معلومات رکھنے والے 500 سے زائد لوگ پاکستان میں کام کرنے کے بعد پاکستانی شہریت چھوڑ گئے۔
چیئرمین نادرا طارق ملک کے انکشاف پر پی اے سی نے پاکستانی شہریت چھوڑنے والوں کی فہرست طلب کر لی۔
دوران اجلاس چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے سوال کیا کہ نادرا میں کرپشن پر کتنے لوگ نکالے گئے، جس پر چیئرمین نادرا نے جواب دیا کہ نادرا نے 43 لوگوں کو کرپشن کے الزامات کی بنیاد پر نکالا جبکہ 2600 لوگوں پر تحقیقات تاحال جاری ہیں۔
نور عالم خان نے کہا کہ کرپشن کی بنیاد پر نکالے گئے لوگوں کو دوبارہ بھی بھرتی کیا گیا، جس پر کمیٹی نے نکالے جانے کے بعد دوبارہ بھرتی ہونے والوں کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔