سٹی ریئلٹرز ایسوسی ایشن ریئلٹرز کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرے گی، عتیق الرحمن جوئیہ

لاہور(کامرس رپورٹر) سٹی ریئلٹرز ایسوسی ایشن (لاہور) کے صدر و بانی عتیق الرحمن جوئیہ نے زمین ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹی ریئلٹرز ایسوسی ایشن ریئلٹرز کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرے گی، سٹی ریئلٹرز ایسوسی ایشن ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں ریئلٹرز کے حق میں بات کی جائے گی۔ سٹی ریئلٹرز اس ضمن میں اپنے اراکین کو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا رکن بھی بنائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ رئیل اسٹیٹ پر کام کرنے والے ایجنٹس کو سٹی ریئلٹرز ایسوسی ایشن تربیت اور تکنیکی مہارتیں سکھانے کیلئے عملی اقدامات کرے گی۔ عتیق الرحمن جوئیہ کا کہنا تھا کہ رئیل اسٹیٹ کاروبار میں ترقی کے بہت مواقع ہیں اور کوئی بھی شخص 70 سے 80 ہزار روپے انویسٹ کرکے اپنا کاروبار شروع کر سکتا ہے۔ رئیل اسٹیٹ کاروبار میں مافیا نے اپنی جڑیں بنا رکھی ہیں اور ہم اس جمود کو توڑنا چاہتے ہیں۔
پروگرام کے میزبان سینئر صحافی و اینکر پرسن نعیم ثاقب کے سوال کہ پہلے سے موجود ایسوسی ایشنز کے باوجود سٹی ریئلٹرز ایسوسی ایشن کے قیام کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی کے جواب میں عتیق الرحمن جوئیہ کا کہنا تھا کہ رئیل اسٹیٹ ڈویپلرز اور رئیل اسٹیٹ ایجنٹس کا کام الگ الگ ہے اور ہمارا ایک دوسرے کے ساتھ چولی دامن کا ساتھ ہے۔ پہلے سے موجود ایسوسی ایشنز میں بلڈرز اور ڈویپلرز کا اثر و رسوخ زیادہ ہے اس لئے ہم نے خالصتاََ رئیل اسٹیٹ ایجنٹس کی آواز بننے کیلئے یہ قدم اٹھایا ہے۔

سٹی ریئلٹرز ایسوسی ایشن
Comments (0)
Add Comment