آصف زرداری اور چوہدری شجاعت کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد : حکومت نے پنجاب میں گورنر راج لگانے کے بجائے ان ہاؤس تبدیلی کو زیادہ مضبوط آپشن قرار دیتے ہوئے تبدیلی کا ٹاسک آصف علی زرداری کو سونپ دیا ہے ۔آصف زرداری اس سلسلے میں متحرک بھی ہو چکے ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور چوہدری شجاعت کی گذشتہ روز ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آصف زرداری نے پنجاب میں تبدلی کے لیے چوہدری شجاعت سے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔آصف زرداری نے تجویز دی کہ پرویز الہیٰ اسمبلی نہ توڑیں، مشاورت سے نیا سیٹ اپ بنا لیں گے۔یقین دلاتا ہوں حمزہ شہباز شریف وزیراعلیٰ نہیں ہوں گے۔چوہدری شجاعت کی آج وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔چوہدری شجاعت بھی فوری اسمبلیاں توڑنے کے حق میں نہیں۔


انہوں نے آصف زرداری کو یقین دلایا کہ ملکی مفاد کی خاطر وہ اس سلسلے میں پرویز الہیٰ سے بات کریں گے۔
علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے پنجاب میں گورنر راج لگانے کے بجائے ان ہائوس تبدیلی کو زیادہ مضبوط آپشن قرار دیتے ہوئے اقدامات شروع کر دیئے۔ ذرائع کے مطابق ان ہائوس تبدیلی کیلئے اعتماد کے ووٹ کا آپشن استعمال کیا جائے گا، اس سلسلہ میں آصف زرداری کو ٹاسک دے دیا گیا ہے۔
ان ہائوس تبدیلی کے لیے تحریک عدم اعتماد نہیں لائی جائے گی، تحریک انصاف اور (ق)لیگ اتحاد اعتماد کا ووٹ نہ لے سکا تو وزیر اعلی کا دوبارہ انتخاب ہو گا۔حکومتی ذرائع کے مطابق (ق) لیگ کے چھ ارکان کی شجاعت کیمپ میں واپسی اس سلسلہ میں گیم چینجر بن سکتی ہے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے کہا کہ جب چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کہیں گے اسمبلیاں توڑ دیں گے تاہم منصوبے تاخیر کا شکار ہوں گے۔

Comments (0)
Add Comment