دبئی میں گرینڈاووسیز کلب کا جشن امارات ‘51 ویں اماراتی قومی دن کا کیک کاٹا گیا‘اماراتی قیادت اور عوام کو مبارک باد

دبئی (نمائندہ خصوصی ) دبئی میں سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی سربراہی میں قائم اوورسیز پاکستانیوں کے فورم “گرینڈ اوورسیز کلب” نے 51 ویں اماراتی قومی دن کا جشن منایا اور اماراتی قیادت کو لازوال ترقی و کامرانی پر خراج تحسین پیش کیا اور اماراتی عوام کو سراہا۔ اس موقع پر گرینڈ اوورسیز کلب امارات کے عہدیداروں نے سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی قیادت میں اماراتی یوم الوطنی کا کیک کاٹا۔ جشن امارات کی تقریب میں چوہدری محمد سرور نے اماراتی قیادت کو سراہا اور پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد متحدہ عرب امارات کی مدد کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ چوہدری محمد سرور نے گرینڈ اوورسیز کلب کی سیلاب زدگان کیلئے امدادی و فلاحی کاوشوں کو بھی داد دی اور بتایا کہ دو ارب روپے کی امداد سیلاب زدگان تک پہنچائی۔ انھوں نے بتایا کہ گرینڈ اوورسیز کلب کے تحت ایک لاکھ رضا کاروں نے سیلاب زدگان کی امدادی کاموں میں حصہ لیا۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ان رضا کاروں نے ڈیڑھ لاکھ راشن پیک سیلاب زدگان کو فراہم کئے جبکہ بیس ہزار افراد کو طبی سہولیات فراہم کی ہیں۔ “گرینڈ اوورسیز کلب” متحدہ عرب امارات کے صدر ملک منیر اعوان نے سیلاب زدگان کیلئے کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا اور اماراتی قیادت کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جنھوں نے مشکل وقت میں دل کھول کر پاکستان کو مدد فراہم کی۔ ملک منیر اعوان نے کہا کہ امارات تیزی سے کرتی تعمیر و ترقی پاکستانی عوام اور قیادت کیلئے مشعل راہ ہے۔ انھوں نے زور دیا کہ پاکستانی حکمران طبقے کو متحدہ عرب امارات کی دن دوگنی رات چوگنی ترقی سے سبق لینا چاہئے۔ ملک منیر اعوان نے کہا کہ امارات نے ترقی کے جو اصول و ضوابط بنائے ہیں ان پر عمل کرکے پاکستان بھی ترقی کرسکتا ہے۔ سنیئر نائب صدر گرینڈ اوورسیز کلب امارات اور پاکستان ہاکی کے سابق اسٹار جعفر حسین، یاسر تنولی، نیاز علی جدون، فضل امین یوسف زئی، راجہ خالد محمود، عمر بلوچ، رائے شیر علی کھرل، نوید احمد اور دیگر عہدیداران نے خطاب کیا۔

Comments (0)
Add Comment