اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے محمد اشرف کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ ساہیوال سے رُکن قومی اسمبلی محمد اشرف کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے، عمران خان کے کہنے پر اینٹی کرپشن پنجاب کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اینٹی کرپشن نے لیگی رکن قومی اسمبلی چودھری اشرف کو گرفتار کرلیا
شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی آج بھی بد ترین سیاسی انتقام کی اپنی منفی روش پر کاربند ہے، چار سال آپ یہ سب کرکے دیکھ چکے ہیں، سیاسی انتقام کا ملک اور عوام کو ناقابل تلافی نقصان ہوا۔
وزیراعظم نے گرفتار رکن قومی اسمبلی محمد اشرف سے یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیب، ایف آئی اے کی طرح اب اینٹی کرپشن پنجاب کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، سیاسی انتقام سے مخالفین کو دھمکانے کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔