پرویز الٰہی کی مبینہ تیسری اہلیہ کو ایف آئی اے میں دوبارہ طلب کرنے کا فیصلہ

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی مبینہ تیسری اہلیہ سائرہ انور کو ایف آئی اے میں پیش نہ ہونے پر دوبارہ طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے طلبی پر پرویز الٰہی کی مبینہ تیسری اہلیہ سائرہ انور پیش نہ ہو سکیں۔ ان کے وکیل اطہر کیانی نے ایف آئی اے میں پیش ہوکر مزید وقت طلب کرلیا۔
آمدن سے زائد اثاثہ جات اور بینک اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے کی رقم جمع ہونے کی رپورٹ ملنے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے نے سائرہ انور کے خلاف تحقیقات شروع کرتے ہوئے انہیں 3 جنوری کو طلب کیا تھا، تاہم ان کے وکیل ایف آئی اے میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ سائرہ انور نجی مصروفیات کی وجہ سے آج پیش نہیں ہو سکتیں، لہٰذا مزید وقت دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم نے وکیل کا تحریری جواب لے کر پرویز الٰہی کی مبینہ تیسری اہلیہ سائرہ انور کو دوبارہ طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ سائرہ انور پنجاب کے وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی مبینہ تیسری بیوی ہیں اور ان کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے جب کہ لاہور سمیت دیگر شہروں میں گھریلو کمرشل پراپرٹی کی بڑی تعداد بھی سامنے آئی ہے۔

Comments (0)
Add Comment