ثاقب نثار کا بیٹا بھی خود کو چیف جسٹس سمجھتا ہے، آڈیو لیکس تحقیقاتی کمیٹی

اسلام آباد: آڈیو لیکس کی تحقیقاتی کمیٹی نے عدم حاضری پر جسٹس (ر) ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب کے سمن جاری کردیے اور اگلی پیشی پر نہ آنے پر وارنٹ جاری کرنے کا عندیہ دے دیا۔آڈیو لیکس کی تحقیقات کرنے والی خصوصی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیکس کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ کمیٹی کے چیئرمین روحیل اصغر نے کہا کہ نجم ثاقب کو صفائی کا موقع دے رہے ہیں سزا نہیں، چیف جسٹس کا بیٹا بھی خود کو چیف جسٹس سمجھتا ہے، کمیٹی اجلاس میں شریک ہونا وہ اپنی ہتک عزت سمجھتے ہیں۔کمیٹی کی رکن ناز بلوچ نے کہا کہ سابق چیف جسٹس کے بیٹے خود کو چیف جسٹس سجھتے ہیں، اس کمیٹی کے احترام میں انہیں آنا چاہیے تھا۔کمیٹی نے نجم ثاقب سمیت دیگر دو افراد کے 6 ماہ کے بینک اسٹیٹمنٹ طلب کرلیے اور وزات خزانہ کو ہدایت دی کہ بینک کی تفصیلات 15 دن کے اندر پیش کی جائیں۔خصوصی کمیٹی نے طلبی کے باوجود حاضر نہ ہونے پر رولز 227 کی شق 4 کے تحت نجم ثاقب کے سمن جاری کردیئے ساتھ ہی کمیٹی نے اگلے اجلاس میں عدم طلبی پر وارنٹ جاری کرنے کا عندیہ دے دیا۔وزارت قانون نے کہا کہ سمن کے اجراء کے باوجود عدم پیشی پر وارنٹ جاری ہو سکتے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment