نارووال: وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بجٹ سے متعلق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان پر کہا ہے کہ اتحادی جماعتوں کو سیاسی جلسوں میں تنقید کرنے کے بجائے کابینہ میں حکومتی فیصلوں پر بات کرنی چاہیے۔نارووال میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ہمیں جلسوں میں بات کرنے سے گریز کرنا چاہیے اور اس کے بجائے کابینہ اجلاس میں بات کرنی چاہیے تاکہ سیاسی غیر یقینی صورتحال سے بچا جائے۔واضح رہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عوامی جلسے میں کہا تھا کہ جب تک ان کے تحفظات دور نہیں کیے جاتے ان کی پارٹی بجٹ کو ووٹ نہیں دے گی، وزیر اعظم نے بجٹ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے فنڈز رکھنے کا وعدہ کیا تھا لیکن ان کی ٹیم کے کچھ ارکان “ان وعدوں کو پورا نہیں کر رہے”۔اس ضمن میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہمیشہ اتحادی شراکت داروں کی طرف سے اٹھائے گئے خدشات کو دور کیا، جب چیئرمین پی ٹی آئی کا محاذ بند ہو جائے تو ہمیں اپنے درمیان دوسرا محاذ کھولنے سے گریز کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ کی تیاری اور منظوری کے دوران بھی تمام اتحادی شریک تھے، حکومت کا مقصد ہمیشہ اتفاق رائے کے بعد فیصلے کرنا ہے۔