بلوچستان میں شدید بارشیں آفت بن کر ٹوٹ پڑیں جہاں کان مہترزئی میں سیلابی ریلہ خاتون اور بچوں سمیت 5 افراد کو بہا لے گیا جب کہ 100 سے زائد گھر گرگئے اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
بلوچستان میں شدید بارشوں کے باعث صوبے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 111 ہوگئی جبکہ 6 ہزار 70 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے صوبائی چیف سیکریٹری نے بتایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت نے متاثرین کے لیے 10-10 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کیا ہے جبکہ خراب موسم کے باوجود فضائی ریلیف آپریشن جاری ہے۔
عبدالعزیز عقیلی نے بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال میں امداد سرگرمیوں سے متعلق بتایا کہ 16ہزار 87گھروں کے لیے راشن اور 10ہزار سے زائد شیلٹر فراہم کئے ہیں اور اب تک 17500افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 6 ہزار کلو میٹر سڑکیں، 2 لاکھ ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں متاثر ہوئی ہیں جبکہ بارشوں سے 6070 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔
چیف سیکریٹری بلوچستان نے بتایا کہ 111 افراد جاں بحق، ایک ہزار زخمی جبکہ 50ہزار گھر متاثر ہوئے ہیں، پورے بلوچستان میں 10 اضلاع زیادہ جبکہ 14 نارمل متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں 30 برس سے 500 فیصد زائد بارشیں ہو ئی ہیں۔