حکومت کا شوکت ترین کی آڈیو لیک کا فرانزک کروانے کا فیصلہ

حکومت نے شوکت ترین کی خیبرپختونخواہ اور پنجاب کے وزرائے خزانہ سے آئی ایم ایف سے متعلق لیک ہونے والی گفتگو کی کا فرانزک کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون سنیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پارلیمان میں جاتے ہوئے تمام اراکین حلف لیتے ہیں کہ ملکی مفاد کا تحفظ کریں گے، خیبرپختونخواہ کے وزیر خزانہ تیمور جھگڑا آئی ایم ایف کو خط لکھ کر شاید اپنے حلف کی پاسداری سے بھی گئے ہیں۔

وزیر قانون نے کہا کہ شوکت ترین سے توقع نہیں تھی انہوں نے سیاست کو ریاست پر مقدم رکھا، مملکت خداداد سے شوکت ترین کا یہ عمل بغاوت کے زمرے میں آتا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سابق وزیر خزانہ اور پی ٹی آئی رہنما شوکت ترین کی آڈیو لیک ہوئی تھی جس میں وہ خیبرپختونخواہ اور پنجاب کے وزیرخزانہ سے آئی ایم ایف شرائط نہ ماننے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے دونوں وزرا کو آئی ایم ایف کو جوابی اور وضاحتی خط لکھنے کا مشورہ دے رہے تھے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماؤں نے شوکت ترین کی گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے اسے ٹھیک قرار دیا جبکہ سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ انہوں نے ملک کے ساتھ کوئی غداری نہیں کی علاوہ ازیں کے پی کے کے وزیر خزانہ نے آڈیو لیگ ہونے پر کہا کہ وہ اپنی قوم کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی فیصلہ کرتے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment