تھیٹر میں صاف صفائی کا کام کیا لوگوں کو چائے بھی پلائی، نوازالدین صدیقی

ممبئی: بھارتی اداکار نواز الدین صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ فیکٹری ورکر سے اداکار کیسے بنے۔

حال ہی میں دیئے ایک انٹرویو میں بالی ووڈ کے اداکار نواز الدین صدیقی نے شوبز میں کیرئیر بنانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا ان کا تعلق ایک دیہاتی خاندان سے ہے اور وہ ابتدائی تعلیم کے بعد فیکٹری میں کام کیا کرتے تھے۔

نواز الدین صدیقی کا کہنا تھا کہ انہیں کسی نے تھیٹر کے بارے میں بتایا جس میں انہوں نے دلچسپی لینا شروع کی اور تھیٹر میں صاف صفائی اور چائے پلانے کا کام شروع کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک لمبے عرصے بعد انہیں تھیٹر میں ایک جملے کا سین مل گیا جس میں انہوں نے پرفارم کیا اور پھر کئی مرتبہ تھیٹر کا حصہ بنے اور ایکٹنگ اسکول بھی جوائن کیا۔

نواز الدین صدیقی نے بتایا کہ انہوں نے کبھی اداکار بننے کا خواب نہیں دیکھا تھا تاہم جب والدین کو اداکاری کے بارے میں بتایا تو اس وقت ان کا ایک رشتہ دار بھی موجود تھا۔ اداکار نے بتایا کہ اس رشتہ دار نے میری والدہ سے کہا کہ ’یہ کیسی بکواس کر رہا ہے اداکار بنے گا اپنے بچے کی شکل تو دیکھو۔‘

نوازالدین کا کہنا تھا کہ اس شخص کی بات پر میں سوچنے لگا کہ آخر میری شکل میں کیا برائی ہے اور اگر میں خوبصورت نہیں ہوں تو بھی میں اداکاری کروں گا۔

اس طرح نوازالدین کا سفر فیکٹریوں اور تھیٹر کی صاف صفائی سے ہوتے ہوئے بالی ووڈ تک جا پہنچا اور انہیں فلموں میں چھوٹے کردار ملنے لگے۔ کئی فلموں میں چھوٹے کردار کرنے کے بعد نوازالدین نے ٹھان لی کہ اب وہ ایک سے زائد سین والی فلمیں کریں گے۔

Comments (0)
Add Comment