والد نے شادی کا فیصلہ سن کر ایک ہفتے تک بات نہیں کی، کاجول

ممبئی: بالی ووڈ کی ورسٹائل اداکارہ کاجول نے انکشاف کیا ہے کہ والد شادی کا فیصلہ سن کر ناراض ہوگئے تھے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں بالی ووڈ کی میگا اسٹار کاجول نے کہا کہ اجے دیو گن سے شادی کا سن کر والد ناراض ہوگئے تھے کیونکہ ان کا خیال تھا کہ شادی کے لیے میری عمر کم ہے۔

کاجول کا کہنا تھا کہ والد نے ایک ہفتے تک مجھ سے بات نہیں کی اور میرے لیے یہ ایسا تھا جیسے کوئی پہاڑ گر جائے۔ والد نے کہا کہ تم ابھی شادی کیوں کرنا چاہتی ہو ابھی تم چھوٹی جس پر میں نے جواب دیا کہ مجھے 10 ہوگئے کام کرتے ہوئے کہاں سے چھوٹی ہوں۔ شادی کا فیصلہ میرا ہونا چاہیے۔
کاجول نے کہا کہ اجے دیوگن سے پہلی ملاقات میں ہی احساس ہوا تھا یہ وہ شخص ہے جس کا میری زندگی پر اثر ہوگا۔ کامیاب شادی شدہ زندگی سے متعلق کاجول نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ اجے نے میری اونچی آواز کو برداشت کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ کاش میرا میوٹ بٹن ہوتا۔

کاجول کا مزید کہنا تھا کہ رشتے نبھانے کے لیے کوشش ضروری ہے۔ جب تک آپ کوشش کرتے رہیں گے رشتے نبھاتے رہیں گے جس دن کوشش کرنا بند کر دیں گے آپ ناکام ہو جائیں گے۔ مجھے کبھی اپنے فیصلوں پر پچھتاوا نہیں ہوا۔

اداکارہ نے کہا کہ شادی شدہ اداکارہ کی اہمیت کم ہونے کا تصور اداکاراؤں کے اپنے دماغ میں ہوتا ہے ورنہ شرمیلا ٹیگور، سائرہ بانو، ہیما مالنی جیسی فنکاروں نے اپنی بڑی ہِٹس شادی کے بعد دیں۔

Comments (0)
Add Comment