امبر ہرڈ 10 ملین ڈالر ہرجانہ ادا نہیں کر سکتی، وکیل

ورجینیا: ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ امبر ہرڈ کی وکیل ایلین بریڈی ہافٹ نے کہا ہے کہ امبر 10 ملین ڈالر سے زیادہ ہرجانہ ادا کرنے کے قابل نہیں ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے سابق شوہر ’پائریٹس آف دی کیریبین اسٹار‘ جونی ڈیپ سے ہتک عزت کیس کا مقدمہ ہارنے کے بعد امبر ہرڈ کی وکیل ایلین بریڈی ہافٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امبر اپنے سابق شوہر کو 10 ملین ڈالر سے زیادہ کا ہرجانہ ادا کرنے سے قاصر ہیں۔بدھ کے روز ورجینیا کی عدالت نے جونی ڈیپ کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے امبر ہرڈ کو حکم دیا تھا کہ وہ سابق شوہر کو 10.35 ملین ڈالر ہرجانہ ادا کریں گی جبکہ ڈیپ انہیں 2 ملین ڈالر ادا کریں گے۔تاہم اداکارہ کی وکیل نے غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کی مؤکلا 10 ملین ڈالر سے زیادہ کا ہرجانہ ہرگز ادا نہیں کر سکتیں اور انہوں نے عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا ارادہ بھی کیا ہے۔یاد رہے کہ ورجینیا میں جاری ہائی پروفائل عدالتی کیس بدھ کو اس وقت ختم ہوا جب سات افراد پر مشتمل جیوری نے پایا کہ ڈیپ اور ہرڈ نے ایک دوسرے کو بدنام کیا ہے، لیکن امبر ہرڈ نے سابق شوہر پر جھوٹے الزامات عائد کیے جنہیں وہ ثابت نہیں کر سکیں جس کے بعد عدالت نے جونی ڈیپ کے حق میں فیصلہ سُنایا تھا۔

Comments (0)
Add Comment