آریان خان منشیات کیس کی تحقیقات میں بے ضابطگیوں کا انکشاف

ممبئی: بھارت کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ کے سُپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے خلاف بنائے گئے کارڈیلا کروز منشیات کیس کی تحقیقات میں کئی بے ضابطگیاں کی گئی ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق این سی بی کی جانب کی تحقیقاتی ٹیم نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ آریان خان کیس میں براہ راست تحقیق کرنے والے 7 سے 8 افسران کا طرز عمل مشکوک پایا گیا ہے۔خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے کیس کے 65 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے، ساتھ ہی کیس پر کام کرنے والے افسران اور ان کے اہل خانہ کے مالی معاملات کی تفصیل کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ اس دوران کچھ افسران نے اپنے بیان تبدیل کر دیے تھے۔این سی بی کی خصوصی ٹیم کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کارڈیلا کروز منشیات کیس کی تحیقیقات کرنے والے 7 سے 8 افسران کا کردار مشکوک ہے جس پر ان کے خلاف اعلیٰ حکام کی اجازت سے ادارتی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔یاد رہے کہ ہائی پروفائل کروز منشیار کیس میں آریان خان کے بری ہونے کے بعد ادارے کے تحقیقاتی نظام پر سوالات اُٹھ گئے تھے جس پر این سی بی کی جانب سے بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان پر لگائے گئے سنگین الزامات کی تحقیقات کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔کارڈیلا کروز منشیات کیس میں بالی ووڈ کے کنگ شاہ رُخ خان کے بیٹے آریان خان ایک مہینہ جیل میں رہنے کے بعد اکتوبر 2021 میں ضمانت پر رہا ہوئے تھے بعد ازاں مئی 2022 میں انہیں مقدمے سے بری کرتے ہوئے کلین چٹ مل گئی تھی۔

Comments (0)
Add Comment