عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت پی ٹی آئی آزاد کشمیر کا اجلاس‘منحرف اراکین کیخلاف قانونی کارروائی پر مشاوت

مظفرآباد () صدر تحریک انصاف آزاد جموں کشمیر و سابق وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کی زیر صدارت پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سینئر نائب صدر ظفر انور ، سینئر نائب صدر و ممبر اسمبلی چوہدری رفیق نئیر ، جنرل سیکرٹری میر عتیق الرحمن ، نائب صدر شفیق جھاگوی ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عامر نذیر ، ڈپٹی جنرل سیکریٹریز نئیر ایوب ، جمیل صادق ، باسط قریشی ، عمر شہزاد، جوائنٹ سیکرٹریز راجہ سبیل ، انصر پیرزادہ ، عتیق سخاوت سدوزئی جبکہ سینئر نائب صدر دیوان محی الدین ، نائب صدر سردار رزاق ، نائب صدر توصیف عباسی اور جوائنٹ سیکرٹری سردار ارزش نے آن لائن شرکت کی ۔اجلاس میں پی ٹی آئی کے خلاف سیاسی انتقامی کاروائیاں ، عمران خان کے ساتھ جیل میں ناروا سلوک ، پارٹی کی تنظیم سازی ، منحرف ارکان کے خلاف قانونی کاروائی ، بجلی بلوں اور آٹے بحران کے خلاف جاری تحریک سے متعلق مشاورت ہوئی ۔ گورننگ باڈی نے عمران خان ، دیگر پارٹی قائدین اور ہزاروں کارکنان کے خلاف بدترین سیاسی انتقام پر تشویش کا اظہار کیا ، قائد پاکستان عمران خان کے ساتھ جیل میں برتے جانے والے ناروا سلوک کی بھی مذمت کی اور پی ٹی آئی آزاد کشمیر نے عمران خان کو جیل میں قانون کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا اور امت مسلمہ کے عظیم لیڈر عمران خان کے حق میں متعدد قراردادیں بھی منظور کی گئی۔پارٹی کو گراس روٹ لیول تک منظم کرنے کیلئے تنظیم سازی کے عمل کو تیز کرنے کا فیصلہ ۔ منحرف ارکان کے خلاف پارٹی آئین اور آزاد کشمیر میں مروجہ قانونین کے مطابق انظباطی کاروائی عمل میں لائے جانے کیلئے سینئر نائب صدر رفیق نئیر اور جنرل سیکرٹری میر عتیق الرحمن پر مشتمل دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی اور ایک بار پھر واضح کیا گیا کہ منحرف ارکان کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ، عمران خان کی ہدایت کے مطابق منحرف ارکان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ بجلی بلات میں ناجائز ٹیکسز اور آٹے بحران کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی بھی مذمت کی اور حکومت پر زور دیا کہ گرفتاریاں مسائل کا حل نہیں ، حکومت بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کرے ، حکومت کی جانب سے ایف سی یا رینجرز کی طلبی سے متعلق بازگشت پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا کہ حکومت ایسا کوئی اقدام نہ کرے جس کا نقصان تحریک آزادی کشمیر کو پہنچے یا پھر پاکستانیوں اور کشمیریوں کا رشتہ کمزور ہو ، آزاد کشمیر بھر سے گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے ۔ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی گورننگ باڈی نے کہا ہے کہ نگران وفاقی حکومت نوے روز کے اندر آزادانہ ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے ،منصفانہ اور غیر جانبدارانہ الیکشن سے سیاسی و معاشی استحکام کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے ۔ گورننگ باڈی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور صدر پی ٹی آئی آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی پر بھی بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر بھر سے کنوئینرز کی جانب سے موصول ہونے والے تنظیم سازی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے اور آزاد کشمیر بھر میں 31 اکتوبر 2023 تک تمام وارڈز ، یونین کونسل ، تحصیل ، ضلع اور ڈویژن لیول تک تنظیم سازی مکمل کی جائے ۔ پی ٹی آئی کے رہنما عباد فاروق کے بیٹے عماد فاروق کی شہادت پر فاتحہ خوانی کی گئی ۔صدر تحریک انصاف آزاد جموں کشمیر و سابق وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے گورننگ باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان امت مسلمہ کے عظیم لیڈر ہیں ، بطور وزیراعظم پاکستان انہوں نے ملک کا وقار بلند کیا لیکن ان کے خلاف سیاسی انتقام تمام حدیں کراس کر گیا ، جیل میں ان کے ساتھ ناروا سلوک برتنا فاشزم ہے ، عمران خان کو قانون کے مطابق جیل میں سہولیات فراہم کی جائیں ، ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کیلئے صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہے ، بجلی بلات اور آٹا سبسڈی کیلئے احتجاج کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج سمجھ سے بالاتر ہے ، پر امن مظاہرین کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں ، پی ٹی آئی عوامی مسائل کے حل کیلئے عوام کے ساتھ کھڑی ہے ، عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے ، حکومت مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کے دروازے کھولے اور مسائل گفتگو کے ذریعے حل کرے ، طاقت کا استعمال کسی صورت ریاست کے مفاد میں نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین جماعت ہے ، پوری طاقت سے پی ٹی آئی کو دیوار کے ساتھ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو قابل مذمت ہے ، ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح پی ٹی آئی کو بھی بھرپور سیاسی سرگرمیوں کا م…