تحریک انصاف کی قیادت کا اعلیٰ سطحٰ اجلاس ‘نظریاتی لوگوں کو آگے لانے پر غور

ہٹیاں بالا (بیورو رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے مرکزی رہنما و سابق امیدوار اسمبلی سید ذیشان حیدر نے کہا ہیکہ ملک بھر کی طرح آزاد کشمیر میں بھی پی ٹی آئی کو دیوار سے لگانے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے تاہم عمران خان کی محبت ہر آنے والے دن کےساتھ بڑھتی جا رہی ہے ۔ ن لیگ اور پی پی پی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ مفادات کیلئے اکھٹے اور الیکشن پر اپنی الگ الگ دوکان چمکا لیتے ہیں ۔ آزاد کشمیر اور جہلم ویلی کے عوام کا استحصال کرپٹ موروثی سیاسی کلچر نے کیا ۔ جب تک سیاسی جماعتوں کی قیادت اپنی نالائق اولادوں کی بجائے محنت کرنے والے سیاسی کارکنوں کو آگے نہیں لائیں گے مسائل کا حل ممکن نہیں ہے ۔ عمران خان کی رہائی اور پاکستان کے قومی الیکشن کے بعد آزاد کشمیر میں بھی بنیادی سیاسی تبدیلیاں لائی جائیں گی ۔ عمران اور پاکستان ایک دوسرے کیلئے ناگزیر ہیں ۔ اب وقت آ گیا ہیکہ کہ سول اور عسکری قیادت کو بیٹھ کر قومی مفاہمت کی پالیسی پر چلنا ہوگا ۔ فوج اور عدلیہ ، حکومت اور پی ٹی آئی ، میڈیا اور سوشل میڈیا کی اس لڑائی میں جیت کسی بھی ہو مگر شکست پاکستان کو ہو رہی ہے ۔ ہم 9 مئی کے پر تشدد واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔ تاہم اس کی آڑ میں جو پی ڈی ایم کی حکومت نے بدترین ریاستی دہشتگری اور ظلم و جبر کیا جارہا ہے یہ بھی قابل مذمت اور انتہائی افسوس ناک ہے ۔ ذیشان حیدر نے مذید کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت اور اسلام کا قلعہ ہے ۔ او آئی سی ممالک کو پاکستان کی معاملات میں مداخلت کرتے ہوئے فریقین کے درمیان صلح کے لئے کردار ادا کرنا چاہیے ۔ پاکستان اندرونی خانہ جنگی کا زیادہ دیر تک متعمل نہیں ہوسکتا ۔ نا اہل پی ڈی ایم عوام و پی ٹی آئی کو فوج سے لڑا کر اپنے جعلی اقتدار کو زیادہ دیر تک برقرار رکھنا چاہتے ہیں ۔ ڈر و خوف کی فضا قائم کر کے پاکستان کے عوام کے دلوں میں مذید نفرت پیدا کی جارہی ہے ۔ اور یہ رد عمل ووٹ کی صورت میں عمران خان کے حق میں کاسٹ ہو گا۔