آزاد کشمیر احتساب بیورو کی کارروائی‘ادارہ ترقیات کے ریٹائرڈ کمشنر چوہدری قربان جعلسازی پر گرفتار

مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)آزاد کشمیر احتساب بیورو کی تفتیشی ٹیم نے ادارہ ترقیات میرپور کے ڈائریکٹر اسٹیٹ مینیجمینٹ (وقت ) و کمشنر ریٹائرڈ چودھری محمد قربان کو جعلسازی اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر گرفتار کر لیا۔ معزز عدالت العالیہ کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر احتساب بیورو کو ادارہ ترقیات میرپور میں ایک پلاٹ کی غلط الاٹمنٹ کے حوالے سے تحقیقات کا حکم دیا گیا تھا ۔ معزز عدالت العالیہ سرکٹ میرپور کے حکم کی تعمیل میں جناب چیرمین احتساب بیورو نے باقاعدہ تفتیش کا حکم صادر فرمایا ۔ احتساب بیورو کے تفتیشی افسران نے ڈائریکٹر انوسٹیگیشن کی سربراہی میں قلیل مدت میں تفتیش مکمل کرتے ہوئے احتساب عدالت میرپور سے ملزم کے وارنٹ گرفتاری حاصل کر کہ ملزم مزکور کو گرفتار کرلیا ۔ ملزم مزکور کو سیف ھاؤس میرپور منتقل کر دیا۔ نیز مجاز عدالت سے ملزم کا 30 اپریل 2024 تک ریمانڈ بھی حاصل کر لیا ھے۔ ملزم مزکور سال 2009تا 2011 ادارہ ترقیات میرپور میں بطور ڈائریکٹر اسٹیٹ مینیجمینٹ تعینات رھا اور بعد ازاں کمشنر ریٹائرڈ ھوا۔ ادارہ ترقیات میرپور میں تعیناتی کے دوران ملزم نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے از خود پلاٹ الاٹ کر دیا تھا جو کہ ملزم مزکور کا اختیار نہ تھا ۔ ملزم مزکور نے بدوں منظوری مجاز اتھارٹی از خود پلاٹ کی الاٹمنٹ کر دی جو احتساب ایکٹ کے تحت اختیارات کے غلط استعمال کے زمرے میں آتا ھے ۔ملزم کے خلاف مزید تفتیش جاری ھے ۔