ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کا وقاص کاظمی اور راجہ خالد کیخلاف حکومتی کارروائیوں کی شدید مذمت

مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)آزادکشمیر میں قومی اور بین الاقوامی الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں کی نمائندہ تنظیم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے صحافیوں وقاص کاظمی اور راجہ خالد کیخلاف آزادکشمیر حکومت کے ایک وزیر کی انتقامی کارروائیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی اور قومی صحافتی اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے رجوع کرنے، آزادکشمیر احتساب بیورو اور محکمہ اینٹی کرپشن کو ثبوت فراہم کرنے، انتقامی کارروائیوں کا آئینی اور قانونی دفاع کرنے سمیت بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے آزادکشمیر میں میڈیا کیخلاف گزشتہ چند روز سے سامنے آنے والے واقعات کو آزادی اظہار رائے کا گلہ گھونٹنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے اے کے این ایس کے سابق صدر عامر محبوب، سینیئر صحافیوں راجہ کفیل، کاشف میر، شہزاد راٹھور کیخلاف خفیہ مقدمات کی بھی مذمت کی گئی ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن آزادکشمیر کے مشاورتی اجلاس میں امتیاز اعوان، محمد عارف عرفی، آصف رضا میر،  سجاد میر، نعیم عباسی، فدا حسین،سید اشفاق شاہ، نعیم چغتائی، ندیم شاہ، شاہ زیب افضل،وقاص کاظمی، راجہ شجاعت، راجہ خالد ،اشفاق اعوان،شجاعت میر، شبیر انجم، کامران مغل، فواد عباسی، حمزہ کاٹل نے خطاب کیا اجلاس میں حکومتی سطح پر انتقامی کارروائی کے فیصلے کیخلاف آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کرنے کا فیصلہ کر لیا ٹی وی جرنلسٹس ایسوی ایشن کے مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر حکومت عبدالماجد خان کیخلاف شائع ہونیوالی خبروں اور وی لاگ کے ریکارڈ کی تحقیقات کیلئے سینیئر صحافیوں پر مشتمل تین رکنی کمیٹی قائم کی ہے جو تمام دستاویزی ثبوتوں کا جائزہ لے کر کارروائی کرے گی اجلاس میں وزیر حکومت پر مبینہ طور پر لگائے گئے الزامات کے دستاویزی ثبوت احتساب بیورو اور محکمہ اینٹی کرپشن کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیاکمیٹی نے وزیر حکومت اور ڈائریکٹر اطلاعات سے صحافیوں کی خبروں اور وی لاگ پر مشتمل ریکارڈ طلب کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ٹی وی جے کے اجلاس میں صحافیوں کیخلاف حکومتی انتقامی کارروائیوں کو ملکی و بین الاقوامی ذرائع ابلاغ پر نشر کرنے کے ساتھ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں، رپورٹرز ودآوٹ بارڈرز سمیت دیگر اداروں پریس کلبوں صحافتی تنظیموں اور میڈیا ہاوسز کو خطوط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے ایک تین رکنی کمیٹی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی ٹی وی جے کے مشاورتی اجلاس میں سی یو جے کی جانب سے احتجاج کی کال کی بھرپور حمایت کا فیصلہ کیا گیا مشاورتی اجلاس میں ائندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کی جانب سے صحافیوں کو انتقام کا نشانہ بنانے سے متعلق غیر آئینی غیر قانونی اقدامات کو اعلی عدلیہ میں چیلنج کرنے اور حکومتی الزامات کا حقائق پر مبنی دفاع کرنے کیلئے موثر حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا