راولاکوٹ ( نمائندہ خصوصی ) ورکنگ جرنلسٹس اور ورکرز کے حقوق کی آواز راولاکوٹ تک پہنچ آئی ، وائی جے ایف کے زیراہتمام پونچھ کے ڈویژنل ہیڈکوارٹر راولاکوٹ میں پہلے” فری ڈیجیٹل میڈیا ہب “کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ، وائی جے ایف کے مرکزی صدر سردار نعیم چغتائی نے فیتہ کاٹ کر ہب کا باضابطہ افتتاح کیا ، غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پونچھ ڈویژن سردار وحید خان نے کہا ہے کہ پرامن ، پائیدار اور مثالی معاشرہ کے قیام میں نوجوان صحافیوں کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے ، ملک و قوم کی ترقی کیلئے صحافت کو درست نہج پر استوار کرنے کیلئے نوجوان صحافیوں کو اپنی ذمہ داریاں احسن طور پر نبھاناہوں گی ، موجودہ دور میں ڈیجٹیل میڈیا کی مسلمہ حیثیت سے کسی طور انکار نہیں کیا جاسکتا ، رائے عامہ ہموار کرنے کیلئے دنیا بھر میں ڈیجیٹل میڈیا کو بطور ہتھیار استعمال کیاجارہا ہے ، اس کا مثبت استعمال کرکے ہم نہ صرف اس خطہ کو ماڈل اسٹیٹ بنا سکتے ہیں بلکہ تحریک آزادی کشمیر کو دنیا بھر اجاگر کرکے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم و محکوم عوام کی مدد کر سکتے ہیں ، ینگ جرنلسٹس فورم سے یہ توقع ہے کہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ملک و قوم کیلئے بہتر خدمات انجام دیں گے ، صحافی کام ہے کہ وہ کسی بھی معاملہ پر تمام پہلوؤں کی تحقیق کرکے اصل حقائق کو سامنے لائے اور اصل صورت حال سے عوام اور اداروں کو آگاہ رکھنا یہی اصل صحافت ہے ، صحافی کی خبر یا رپورٹ ہی اس کی شخصیت کی آئینہ دار ہوتی ہے ، وائی جے ایف نوجوان صحافیوں کی جدید تقاضوں کے پیش نظر تربیت کا اہتمام کرے تاکہ یہ اس معاشرہ کے مثبت پہلوؤں کو بھی روشناس کروایا جاسکے ، اس تقریب کی صدارت وائی جے ایف کے مرکزی صدر سردار نعیم چغتائی نے کی ، تقریب سے مہمان خصوصی ، صدر تقریب کے علاوہ غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ کے سابق صدور ملک اعجاز قمر ، سردار ریاض شاہد ،سابق جنرل سیکرٹری پریس کلب سردار عامر حنیف، ممبر کور کمیٹی وائی جے ایف عبدالوہاب علی ، نائب صدر غازی ملت پریس کلب سردار ظفر نذیر ، خرم ذوالفقار ، احسان الحق نے خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ڈی جی آئی جی پونچھ ریجن شہر یار سکندر ، معروف سیاسی و سماجی شخصیت ، پاکستان پیپلزپارٹی ضلع پونچھ کے صدر سردار عامر خورشید ،بزرگ صحافی راجہ عزیز کیانی ، سردار حمید اللہ ، ممبر گورننگ باڈی پریس فاؤنڈیشن زاہد بشیر ، المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی آزادکشمیر کے مرکزی صدر ڈاکٹر منیر احمد قادری، غازی ملت پریس کلب کی سیکرٹری مالیات محترمہ تسنیم شوکت ، سی یو جے مرکزی سنیئر نائب صدر عمران ایوب،سابق سیکرٹری مالیات راجہ منیب عزیز کیانی ، سابق ڈپٹی جنرل سیکرٹری سردار ساجد محمود انور ، وائی جے ایف کے ممبران سردار علی ، محمد شفیق، عامر فاروق بھی شریک ہوئے ، وائی جے ایف کے مرکزی صدر سردار نعیم چغتائی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائی جے ایف پونچھ کے زیر اہتمام ڈیجیٹل میڈیا ہب کے قیام پر نوجوان صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وائی جے ایف کے قیام کا مقصد صحافیوں کے حقوق ، عزت نفس کا تحفظ کرنا ہے ، بد قسمتی سے آزادکشمیر میں صحافتی تنظیمیں صحافیوں کے حقوق کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکی ہیں ان تنظیموں میں اخبارات کے مالکان سے لیکر ڈمی اخبارات کے فرضی نمائندوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جو کہ اصل صحافیوں کے لئے بھی مسائل پیدا کر رہے ہیںپریس فاؤنڈیشن جیسے ادارہ میں بھی مالکان کا قبضہ ہے جو باعث تشویش ہے ، تحقیقی صحافت کا رحجان ختم چکا ہے جس کی وجہ سے یہ پیشہ بھی بد نام ہو رہا ہے ، وائی جے ایف نے اپنے قیام سے لیکر اب تک جہاں بھی کہیں کسی ورکنگ جرنلسٹس کے ساتھ کوئی واقعہ یا حادثہ پیش آیا وہاں اپنا کردار ادا کیا اور حقوق کی بھرپور جنگ لڑی ، ریاستی اخبارات سمیت غیر مقامی میڈیا گروپس بھی صحافیوں کا استحصال کر رہے ہیں اور کم ازکم اجرت کے قانون پر کسی بھی جگہ پر اطلاق نہیں ہورہا جس سے مسائل مزید بڑھ رہے ہیں ، وائی جے ایف آزادکشمیر میں نوجوان صحافیوں کی باضابطہ تربیتی ورکشاپس کروا کر انہیں اس قابل بنائے گی وہ اس معاشرے میں اپنا کردار بخوبی ادا کرسکیں اور صحافتی اصولوں کے مطابق خدمات انجام دے سکیں، قبل ازیں وائی جے ایف کے مرکزی صدر سردار نعیم چغتائی نے جوڈیشل کمپلیکس کے قریب وائی جے ایف کے ڈیجیٹل میڈیا ہب کا باضابطہ افتتاح کیا ، اس موقع پر شہریوں سمیت سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں ۔