تتہ پانی میں سیلابی ریلے سے مکان منہدم، سات بچے اور تین خواتین جاں بحق

تتہ پانی ‘تائی میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلے کے سبب مکان گرنے کے نتیجے میں سات بچے اور تین خواتیت جاں بحق ہوگئیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق کوٹلی آزاد کشمیر دریائے پونچھ میں اونچے درجے کا سیلابی ریلا داخل ہوا، شدید بارشوں اور سیلابی ریلے کی وجہ سے تائی منڈھول میں مکان گرگیا جس کے نیچے 12 افراد دب گئے جن میں سے 10 جاں بحق ہوگئے۔

امدادی ذرائع کے مطابق  ملبے میں دبے افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن کیا گیا جس میں جاں بحق اور بچ جانے والے دو افراد کو کوٹلی اسپتال منتقل کیا گیا۔ انتظامیہ نے علاقے میں ہائی الرٹ کرتے ہوئے لوگوں کو وہاں سے نکلنے کی ہدایت کی۔

جاں بحق ہونے والوں میں سات بچے اور تین خواتین شامل ہیں، تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ شدید بارش سے نالے میں طغیانی کے باعث زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے میں مشکل پیش آئی، مکان مکمل تباہ ہونے سے ڈیڈ باڈیز کو اسکول میں رکھا گیا۔ اطلاعات کے مطابق جاں بحق بچوں میں ایک بچہ مہمان بھی تھا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس نے ہلاکتوں پر دل افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، غم کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہیں، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ جاں بحق بچوں کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔