پاکستانی نوجوان کا اعزاز: برطانوی یونیورسٹی نے پاکستانی ماہرتعلیم کو اعلیٰ کارکردگی پرڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دے دی

لندن(ایجوکیشن رپورٹر ) برطانیہ کی معروف یونیورسٹی آف ہرٹفورڈ شائر نے پاکستانی ماہر تعلیم چوہدری فیصل مشتاق کو پاکستان میں ہزاروں طلباء کو معیاری تعلیم کے ساتھ بااختیار بنانے کے لئے ان کی خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا ہے۔ چوہدری فیصل مشتاق ڈاکٹریٹ آف ایجوکیشن کی ڈگری حاصل کرنے کے لئے اسلام آباد سے آئے ، یونیورسٹی کی جانب سے یہ ڈگری صرف تعلیمی ترقی، سماجی تبدیلی اور تعلیمی شعبے میں ترقی کے لئے غیر معمولی شراکت کے اعتراف میں دیتی ہے۔ ڈگری دینے کی تقریب ہرٹ فورڈ شائر کے سینٹ البانس کے تاریخی سینٹ آلبنز کیتھیڈرل میں منعقد ہوئی۔تقریب میں لگ بھگ 500 کے طلباء اور ان کے خاندان نے شرکت کی اور گریجویشن کی ڈگریاں حاصل کیں۔ یہ تقریباً دو سال کے لاک ڈاؤن کے بعد یونیورسٹی آف ہرٹفورڈ شائر کا پہلا عوامی اجتماع تھا۔
یونیورسٹی آف ہرٹفورڈ شائر کے بورڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فیصل مشتاق کو ایک اعزازی ڈاکٹر آف ایجوکیشن کی ڈگری دینے کا فیصلہ پاکستان میں تعلیم اور سیکھنے، تعلیم اور معاشرے کی ترقی میں ان کی پرجوش اور بے مثال شراکت کے اعتراف میں کیا گیا۔ تقریب تقسیم ایوارڈز کی صدارت یونیورسٹی آف ہرٹفورڈ شائر کے وائس چانسلر پروفیسر کوئنٹن میک کیلر، سی ای بی نے کی۔ وائس چانسلر نے ڈاکٹر چوہدری فیصل مشتاق کو ڈاکٹر آف ایجوکیشن ایوارڈ سے نوازا۔ ڈاکٹر فیصل مشتاق نے اپنی کامیابی پاکستان کے نام کی اور بتایا کہ انہوں نے کئی سال پہلے لندن شہر میں ایک ترقی یافتہ کیریئر چھوڑا تاکہ وہ پاکستان میں ماہر تعلیم بن سکیں اور وہ بہت خوش ہوئے کہ ان کے جذبے کے باعث ان کی خدمات کو سراہا گیا۔ برطانیہ کی سب سے معروف یونیورسٹیوں میں سے ایک کی طرف سے ان کی خدمات کو تسلیم کیا گیا۔ ڈاکٹر فیصل مشتاق نے حاضرین کو بتایا کہ وہ شکر گزار ہیں کہ انہیں جدید طریقوں اور آگے کی سوچ کے ذریعے تعلیمی شعبے میں تبدیلی اور اثرات پیدا کرنے پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری دی گئی۔